ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) خیبر پختونخوا میں اندرونی اختلافات شدت اختیار کر گئے، جہاں صوبائی جوائنٹ سیکرٹری انجینئر خائستہ محمد نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
انجینئر خائستہ محمد نے اپنے استعفے کی وجہ صوبائی صدر کے ساتھ اختلافات کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ پارٹی میں “ڈکٹیٹرشپ” کا تاثر پیدا ہو چکا ہے اور اہم فیصلے کابینہ کو اعتماد میں لیے بغیر کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ تنظیمی امور میں کابینہ کو نظرانداز کیا جا رہا ہے، حتیٰ کہ ملاکنڈ ریجن کے عہدیداروں کی تقرری بھی مشاورت کے بغیر کی گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر تمام اختیارات ایک ہی فرد کے پاس ہوں تو کابینہ کی حیثیت بے معنی ہو جاتی ہے، جبکہ بانی پی ٹی آئی کے نظریے کے مطابق فیصلے اجتماعی ہونے چاہئیں۔
انجینئر خائستہ محمد نے مزید کہا کہ پارٹی قیادت بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے حوالے سے سنجیدہ نظر نہیں آتی اور اس ضمن میں کوئی واضح حکمت عملی بھی سامنے نہیں آئی، جس کے باعث انہوں نے استعفیٰ دینے کا فیصلہ کیا۔