ویب ڈیسک: مرکزی صدر پی ٹی آئی چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان اب صرف پاکستان کے لیڈر نہیں بلکہ دنیائے اسلام کے لیڈر بن چکے ہیں،ساری پاکستانی قوم اور مسلم امہ ایک طرف کھڑے ہو جائیں گے،ہر سچے پاکستانی کی طرح میں اور میری فیملی مضبوطی سے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں،انشاء اللہ جلد ہی بانی پی ٹی آئی عمران خان دوبارہ عوام کے درمیان ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق مرکزی صدر پی ٹی آئی چودھری پرویزالٰہی نے احتساب عدالت میں پیشی پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان اب صرف پاکستان کے لیڈر نہیں بلکہ دنیائے اسلام کے لیڈر بن چکے ہیں، اقوام متحدہ میں اصل خطاب تو بانی پی ٹی آئی عمران خان کا تھا، دنیا ان کی آواز سنتی ہے،بانی پی ٹی آئی عمران خان نے پہلے ہی بتا دیا تھا کہ اس طرح کا سلوک رکھا گیا تو ہمارے پاس اور کوئی چوائس نہیں۔
چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ ساری پاکستانی قوم اور مسلم امہ ایک طرف کھڑے ہو جائیں گے،ہر سچے پاکستانی کی طرح میں اور میری فیملی مضبوطی سے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں، عمران خان عوام کے دلوں میں بستے ہیں، عوام خود ہی اپنے ہیرو کیلئے باہر نکلتی ہے،موجودہ سیاسی عدم استحکام تحریک انصاف کے انتخابی مینڈیٹ کو تسلیم نہ کرنے کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سیاست کی کنجی آج بھی بانی پی ٹی آئی کے ہاتھ میں ہے،بانی پی ٹی آئی عمران خان اور تحریک انصاف کے رہنماؤں و کارکنوں پر جتنے مرضی جھوٹے پرچے کروا لیں لیکن اب ظلم کے بادل چھٹنے والے ہیں،عدلیہ پر پورا یقین ہے، انشاء اللہ جلد ہی بانی پی ٹی آئی عمران خان دوبارہ عوام کے درمیان ہوں گے۔
چودھری پرویزالٰہی نے مزید کہا کہ عمران خان کی دشمنی میں صحت کارڈ سکیم ختم کر کے پنجاب حکومت روزانہ ہزاروں غریب مریضوں کو موت کے منہ میں دھکیل رہی ہے،پنجاب کے کاشت کار آج رُل گئے ہیں، کوئی ان کا والی وارث نہیں،آج دوسروں کیلئے اناج اگانے والوں کے اپنے گھروں کے چولہے بجھ رہے ہیں۔