پنجاب اور خیبرپختونخوا میں طوفانی بارشوں کا الرٹ جاری

پنجاب اور خیبرپختونخوا میں طوفانی بارشوں کا الرٹ جاری
کیپشن: پنجاب اور خیبرپختونخوا میں طوفانی بارشوں کا الرٹ جاری

ویب ڈیسک: محکمہ موسمیات نے خیبرپختونخوا اور پنجاب کے مختلف اضلاع میں بارشوں کی نئی لہر کی پیش گوئی کر دی ہے۔ اس سلسلے میں متعلقہ اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ممکنہ ایمرجنسی صورتحال کے پیش نظر اپنی تیاری مکمل رکھیں۔

رپورٹ کے مطابق خیبرپختونخوا کے متعدد اضلاع میں آج سے 7 اکتوبر تک بارشوں کا امکان ہے، جن میں دیر، سوات، بونیر، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور ہری پور سمیت بالائی علاقے شامل ہیں۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش اور گرج چمک کے ساتھ ژالہ باری بھی متوقع ہے، جس سے مقامی آبادی کو مشکلات پیش آ سکتی ہیں۔

اسی طرح پنجاب کے مختلف اضلاع میں بھی 5 سے 7 اکتوبر کے دوران بارشوں اور تیز ہواؤں کے طوفانی سلسلے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، جہلم، فیصل آباد اور ملحقہ اضلاع میں شدید بارشیں متوقع ہیں۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ طوفانی بارشوں کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو سکتا ہے جبکہ ٹریفک اور روزمرہ زندگی کے معمولات میں رکاوٹیں پیش آئیں گی۔

پنجاب ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے بارشوں کے پیش نظر بالائی علاقوں کے ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کردیا ہے۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق دریاؤں کے بالائی حصوں میں بارشوں کے باعث پانی کی سطح بلند ہوسکتی ہے جبکہ ندی نالوں میں بھی بہاؤ میں اضافے کا خدشہ ہے۔ اس صورتحال میں عوام کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور دریاؤں کے قریب جانے سے اجتناب کی ہدایت کی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق ریسکیو اور متعلقہ محکمے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔ حکام نے کہا ہے کہ عوام کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں ہیلپ لائن 1129 پر فوری رابطہ کریں۔

Watch Live Public News