لازوال عشق پر پابندی کے مطالبے پرعائشہ عمر کا ردعمل

لازوال عشق پر پابندی کے مطالبے پرعائشہ عمر کا ردعمل
کیپشن: لازوال عشق پر پابندی کے مطالبے پرعائشہ عمر کا ردعمل

ویب ڈیسک: پاکستان کی معروف اداکارہ اور ٹی وی میزبان عائشہ عمر کا نیا ریئلٹی شو ”لازوال عشق“ حال ہی میں یوٹیوب پر نشر کیا گیا ہے، جس کی پہلی قسط نے سوشل میڈیا پر بحث چھیڑ دی۔ شو کے آغاز کے ساتھ ہی ناقدین نے اسے تنقید کا نشانہ بنایا اور مختلف آراء سامنے آئیں۔ تاہم عائشہ عمر نے اپنے انداز میں ناقدین کو جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی والدہ کو یہ شو بے حد پسند آیا اور والدہ کی رائے ہی ان کے لیے سب سے اہم ہے۔

عائشہ عمر نے انسٹاگرام پر ایک تفصیلی پوسٹ شیئر کی جس میں انہوں نے لکھا کہ وہ سب سے پہلے اپنی والدہ کی رائے جاننا چاہتی تھیں اور انہیں خوشی ہے کہ والدہ نے اس شو کو نہ صرف دلچسپ بلکہ منفرد قرار دیا۔ عائشہ عمر کے مطابق والدہ نے کہا کہ یہ پروگرام نوجوانوں کی سوچ، جذبات اور ترجیحات کو سامنے لاتا ہے، جو ناظرین کے لیے ایک نیا اور مثبت تجربہ ہے۔ ان کے خیال میں شو کے دوران ہونے والی گفتگو متوازن اور صحت مند تھی۔

اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ ان کی والدہ اس پروگرام کو باقاعدگی سے فالو کرنے کے لیے پُرجوش ہیں، اور یہ ان کے لیے سب سے بڑی کامیابی ہے۔ انہوں نے دلچسپ انکشاف کیا کہ والدہ کو ان کا مشہور ڈرامہ ”بلبلے“ پسند کرنے میں بھی کئی سال لگے تھے، اس لیے وہ والدہ کی رائے کو سب سے زیادہ اہمیت دیتی ہیں۔

عائشہ عمر نے مداحوں کو بھی دعوت دی کہ وہ پہلی قسط دیکھ کر اپنی آراء کا اظہار کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ مداحوں کے فیڈ بیک سے انہیں مزید بہتری کا موقع ملے گا۔

یاد رہے کہ شو کے ٹیزر ریلیز کے فوراً بعد ہی سوشل میڈیا پر کچھ حلقوں نے اس پر پابندی کا مطالبہ کیا تھا۔ صارفین کا موقف تھا کہ پروگرام نشر ہونے سے پہلے ہی اس کا بائیکاٹ کیا جائے۔ تاہم پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے وضاحت کی کہ چونکہ یہ شو کسی لائسنس یافتہ ٹی وی چینل پر نہیں بلکہ صرف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر جاری کیا جا رہا ہے، اس لیے یہ پیمرا کے دائرہ کار میں نہیں آتا۔

عائشہ عمر کے اس نئے ریئلٹی شو نے جہاں تنقید کو جنم دیا ہے، وہیں ان کے چاہنے والے اس منفرد انداز کے پروگرام کو مثبت قدم قرار دے رہے ہیں۔

Watch Live Public News