عالیہ بھٹ سے دوران پوجا مداح کی زبردستی سیلفی لینے کی کوشش

عالیہ بھٹ سے دوران پوجا مداح کی زبردستی سیلفی لینے کی کوشش
کیپشن: عالیہ بھٹ سے دوران پوجا مداح کی زبردستی سیلفی لینے کی کوشش

ویب ڈیسک: بالی وڈ کی معروف اداکارہ عالیہ بھٹ درگا پوجا کی تقریب کے دوران ایک غیر متوقع واقعے کا شکار ہو گئیں جب ایک خاتون مداح نے اچانک ان کا بازو پکڑ کر سیلفی لینے کی کوشش کی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب عالیہ بھٹ، رانی مکرجی اور کاجول کے ساتھ درگا پوجا کے مرکزی حصے کی جانب جا رہی تھیں۔ ان کی آمد پر پنڈال میں موجود مداحوں کی بڑی تعداد نے انہیں گھیر لیا اور اپنے پسندیدہ اسٹار کے ساتھ سیلفیاں لینے کی خواہش ظاہر کی۔

عالیہ بھٹ چند مداحوں کے ساتھ تصویریں کھنچوانے کے بعد اندر داخل ہونے ہی والی تھیں کہ ایک خاتون مداح نے اچانک ان کا بازو پکڑ کر اپنی جانب کھینچ لیا اور اصرار کیا کہ وہ تصویر بنوائیں۔ اداکارہ لمحہ بھر کو حیران رہ گئیں، تاہم سیکیورٹی عملہ فوراً حرکت میں آیا اور صورتحال کو قابو میں کرنے کی کوشش کی۔

لیکن عالیہ بھٹ نے کمال بردباری اور سکون کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے نہ صرف مداح کو ڈانٹا نہیں بلکہ اس کے ساتھ سیلفی بھی بنوائی۔ خاتون نے اپنے بیٹے کے ساتھ مل کر تصاویر کھینچیں جبکہ پورے خاندان نے بھی اداکارہ کے ساتھ یادگار سیلفیاں بنائیں۔ عالیہ نے اپنی ٹیم کو ہدایت دی کہ معاملے کو مزید نہ بڑھایا جائے۔

یہ واقعہ کیمرے کی آنکھ سے محفوظ ہو گیا اور سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگیا۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ عالیہ بھٹ کس طرح پرامن انداز میں مداحوں کے جوش کو سنبھالتی ہیں اور کسی قسم کی بدنظمی پیدا نہیں ہونے دیتیں۔ مداحوں نے اداکارہ کے اس رویے کو بے حد سراہا اور انہیں ایک مہذب اور مداح نواز فنکار قرار دیا۔

تقریب میں عالیہ بھٹ کی رانی مکرجی سے گرمجوش ملاقات ہوئی جبکہ ایان مکرجی اور تنیشا مکرجی کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔ اس موقع پر دیگر بالی وڈ ستارے جن میں پریانکا چوپڑا، ٹوئنکل کھنہ، بپاشا باسو اور کرن سنگھ گروور شامل تھے، بھی موجود رہے۔

اداکاری کے محاذ پر عالیہ بھٹ حال ہی میں فلم ”جگر“ میں جلوہ گر ہوئی ہیں جبکہ جلد ہی ایکشن تھرلر ”الفا“ میں شرواری اور بوبی دیول کے ساتھ دکھائی دیں گی۔ اس کے علاوہ وہ سنجے لیلا بھنسالی کی فلم ”لو اور وار“ میں رنبیر کپور اور وکی کوشل کے ساتھ بھی اداکاری کریں گی۔

Watch Live Public News