اسلام آباد ( پبلک نیوز) مرغیوں اور انڈوں سے ملکی معیشت کو بہتر کرنے کا خواب صرف خواب بن کر رہ گیا۔ وزیر اعظم عمران خان کی مرغی پال اسکیم پر کارکردگی رپورٹ تیار کر لی گئی۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی مرغی پال اسکیم پر کارگردگی رپورٹ سامنے آ گئی ہے۔ ملکی معیشت میں اضافے کے لیے مرغی پال اسکیم کا منصوبہ کار آمد ثابت نہ ہوا۔ مرغیاں لینے والوں نے انڈے مارکیٹ میں بیچنے کی بجائے گھر میں کھائے۔ مرغی پال اسکیم کے تحت کچھ لوگوں کی مرغیوں نے تو انڈے بھی نہ دئیے۔ حکومت سے سستی مرغیاں لینے والوں میں 3 فیصد لوگوں کی مرغیاں مر بھی گئیں۔ 80 فیصد لوگوں نے وزیر اعظم کی مرغی پال اسکیم کو سراہا ہے۔ 90 فیصد لوگوں نے مرغیاں مزید پالنے کو ترجیح دی ہے۔ 19 فیصد لوگوں نے مرغی پال اسکیم کو دوبارہ شروع کرنے سے انکار کیا۔ پنجاب بھر میں پچھلے دو مالی سالوں میں 8 لاکھ 50 ہزار مرغیاں شہریوں میں تقسیم کی جانیں تھیں۔ محکمہ لائیو اسٹاک نے صرف 7 لاکھ 36 ہزار 9 سو مرغیاں تقسیم کیں۔ ہدف کے مطابق پچھلے دو سالوں 1 لاکھ 13 ہزار مرغیاں تقسیم نہیں کیں گئیں۔