ویب ڈیسک: ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک نے صارفین کے لیے ڈائریکٹ میسجز (ڈی ایمز) میں کئی نئے فیچرز شامل کرنے کا اعلان کیا ہے تاکہ لوگ ایپ پر زیادہ وقت گزار سکیں۔
کمپنی کے مطابق اب صارفین ڈی ایمز میں 60 سیکنڈ تک کے آڈیو نوٹس بھیج سکیں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ ایک چیٹ میں بیک وقت 9 تصاویر یا ویڈیوز شیئر کرنے کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے، جنہیں یا تو فون کے کیمرے سے ریکارڈ کیا جا سکتا ہے یا گیلری سے منتخب کیا جا سکتا ہے۔ ان میڈیا فائلز کیلئے ایڈیٹنگ ٹولز بھی دستیاب ہوں گے۔
ٹک ٹاک کا کہنا ہے کہ ان فیچرز کا مقصد صرف ویڈیوز دیکھنے تک محدود رکھنے کے بجائے صارفین کو چیٹ اور شیئرنگ کی سہولت دینا ہے، بالکل واٹس ایپ اور انسٹاگرام کی طرح۔
واضح رہے کہ 16 سال سے کم عمر افراد کیلئے ڈی ایمز بند ہیں، جبکہ 16 سے 18 سال کے صارفین کو غیر مناسب تصاویر سے خودکار تحفظ حاصل ہوگا۔ بالغ صارفین اپنی سہولت کے مطابق چیٹ فلٹر آن یا آف کر سکیں گے۔
کمپنی نے بتایا ہے کہ یہ فیچرز آئندہ چند ہفتوں میں سب صارفین تک پہنچا دیے جائیں گے۔