ویب ڈیسک: لاہور میں اسٹیج اداکارہ اقراء پر تشدد کرنے اور فائرنگ کرکے دھمکانے والے شخص کےخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق اسٹیج آرٹسٹ اقراء کی مدعیت میں ملزم محسن کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ ملزم نے تھیٹر میں داخل ہوکر اداکارہ کو تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے فائرنگ کر کے دھمکیاں دیں۔
واقعہ تھانہ باغبانپورہ کی حدود میں پنجابی تھیٹر میں پیش آیا۔ اداکارہ کی جانب سے درج کروائی گئی ایف آئی آر کے مطابق ملزم نے تھیٹر کے دوران چہرے پر تھپڑ مارے۔
شور کرنے پر ملزم نے پستول نکال کر زمین پر فائر کیا اور جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دیں۔
پولیس کے مطابق واقعے میں ملوث ملزم کی گرفتاری کی کوششیں جاری ہیں اسے جلد گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
