ویب ڈیسک: فوربز نے دنیا کے 10 امیر ترین افراد کی نئی فہرست جاری کردی، جس کے مطابق اگست 2026 کے دوران ان ارب پتیوں کی مجموعی دولت میں 200 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا۔
فوربز کے مطابق یکم ستمبر 2026 تک دنیا کے 10 امیر ترین افراد کی مجموعی دولت 2.8 ٹریلین ڈالر تک پہنچ گئی، جو جولائی کے اختتام پر 2.6 ٹریلین ڈالر تھی۔
فہرست میں شامل 10 افراد میں 9 امریکی جبکہ ایک، اسپین کے ارب پتی امانسیو اورٹیگا، غیر امریکی ہیں۔ فہرست میں کوئی خاتون شامل نہیں، جبکہ 5 افراد کی دولت 200 ارب ڈالر یا اس سے زیادہ ہے۔
ایلون مسک 892 ارب ڈالر کی دولت کے ساتھ دنیا کے امیر ترین شخص ہیں۔ اگست میں ان کی دولت میں ریکارڈ 202 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا۔ اسپیس ایکس کے حصص کی قیمت میں 33 فیصد اور ٹیسلا کے حصص میں 18 فیصد اضافے نے ان کی دولت بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا۔
مسک کو دوبارہ ایک ٹریلین ڈالر کی دولت تک پہنچنے کے لیے مزید 108 ارب ڈالر درکار ہیں۔ فوربز کے مطابق ان کی بلند ترین دولت 1.33 ٹریلین ڈالر ریکارڈ کی گئی تھی۔
لیری پیج 277 ارب ڈالر کے ساتھ دوسرے اور جیف بیزوس 268 ارب ڈالر کے ساتھ تیسرے امیر ترین شخص ہیں۔ اگست میں پیج کی دولت میں 15 ارب جبکہ بیزوس کی دولت میں 10 ارب ڈالر کمی ہوئی۔
سرگئی برِن 256 ارب ڈالر کے ساتھ چوتھے، مائیکل ڈیل 241 ارب ڈالر کے ساتھ پانچویں اور مارک زکربرگ 197 ارب ڈالر کے ساتھ چھٹے نمبر پر ہیں۔
لیری ایلیسن 193 ارب ڈالر کے ساتھ ساتویں، جینسن ہوانگ 191 ارب ڈالر کے ساتھ آٹھویں اور اسٹیو بالمر 155 ارب ڈالر کے ساتھ نویں نمبر پر ہیں۔
اسپین کے امانسیو اورٹیگا 148 ارب ڈالر کی دولت کے ساتھ دسویں نمبر پر آگئے۔ اگست میں ان کی دولت میں 5 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا۔