(ویب ڈیسک) ناشتہ دن کی اہم ترین غذاؤں میں شمار ہوتا ہے، اور ایک نئی تحقیق نے اس کی اہمیت مزید واضح کردی ہے۔
تحقیق کے مطابق ناشتہ کرنے کی عادت بلڈ شوگر کو مستحکم رکھنے اور ٹائپ 2 ذیابیطس کے خطرے سے بچاؤ میں مددگار ثابت ہوسکتی ہے۔
امریکا کی وینڈربلٹ یونیورسٹی کے محققین نے جاننے کی کوشش کی کہ صبح ناشتہ کرنے سے بلڈ شوگر کو کنٹرول کرنے والے ہارمونز، خصوصاً انسولین اور گلوکاگون، پر کیا اثر پڑتا ہے۔
تحقیق میں سامنے آیا کہ صبح کے وقت گلوکاگون کی سطح بڑھنے سے جگر خون میں گلوکوز خارج کرتا رہ سکتا ہے، جس کے باعث بلڈ شوگر کی سطح بڑھنے کا امکان ہوتا ہے۔
محققین کے مطابق یہ عمل ٹائپ 2 ذیابیطس کے مریضوں میں دن کے دوران بڑھتی ہوئی بلڈ شوگر کی ایک وجہ ہوسکتا ہے۔
محققین کا کہنا ہے کہ ناشتہ کرنے یا نہ کرنے کے اثرات کو بہتر طور پر سمجھنے کے لیے مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔ تحقیق کے نتائج طبی جریدے Frontiers in Endocrinology میں شائع ہوئے ہیں۔