غزہ میں  جنگی جرائم پر آئی سی سی وارنٹ گرفتاری کی خلاف ورزی ، نیتن یاہو ہنگری پہنچ گئے

غزہ میں  جنگی جرائم پر آئی سی سی وارنٹ گرفتاری کی خلاف ورزی ، نیتن یاہو ہنگری پہنچ گئے

(ویب ڈیسک )اسرائیلی وزیرِ اعظم بینجمن نیتن یاہو اہلیہ کے ہمراہ آج ہنگری پہنچے گئے۔جہاں ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔ ہنگری نے  بین الاقوامی فوجداری عدالت (آئی سی سی) چھوڑنے کا اعلان کردیا۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق   ہنگری کے وزیرِ اعظم وکٹر اوربان نے اسرائیلی وزیر اعظم   نیتن یاہو کو اس ہفتے اپنے ملک آنے کی دعوت دی تھی۔

نیتن یاہو کے ہنگری  پہنچنے پر ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔

  ہنگری کے وزیرِ دفاع کرسٹوف سزالے نے فیس  بک پر ایک  پوسٹ شیئر کرتے ہوئے ان کا استقبال کیا۔انہوں نے لکھا کہ  ہم اسرائیل کے وزیرِ اعظم بنجمن نیتن یاہو کو بوڈاپیسٹ میں خوش آمدید کہتے ہیں۔

میڈیا رپورٹس میں  کہا جا رہا ہے کہ   ہنگری کے وزیرِ اعظم کی جانب سے   نیتن یاہو  کو دورے کی دعوت اور اسرائیلی وزیرِ اعظم کا دورۂ ہنگری بین الاقوامی فوجداری عدالت (آئی سی سی) کے وارنٹِ گرفتاری کی خلاف ورزی ہے۔

یاد رہے کہ   اسرائیلی وزیر اعظم کے خلاف بین الاقوامی فوجداری عدالت(آئی سی سی ) نے گزشتہ  سال  نومبر میں جنگی جرائم کے سلسلے میں وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔

فوجداری عدالت کے رکن ملک کے طور پر ہنگری کی ذمہ داری ہے کہ وہ جاری شدہ وارنٹ گرفتاری پر عمل کرے۔لیکن ہنگری کے وزیر اعظم نے اسے مسترد کردیا ہے اور کہا ہے کہ  وہ اسرائیلی وزیر اعظم کو گرفتار نہیں کریں گے۔

دوسری جانب اسرائیلی وزیر اعظم   نیتن یاہو کا استقبال کرنے سے چند گھنٹے پہلے ہنگری کی حکومت نے کہا کہ وہ  بین الاقوامی فوجداری عدالت (آئی سی سی) سے  نکلنے کا عمل شروع  کر یں گے۔

آئی سی سی کے صدر دفتر نے بیان میں کہا ہے کہ  یہ ہنگری اور دیگر ریاستی جماعتوں کی قانونی ذمے داری ہے کہ وہ عدالت کے فیصلوں کو نافذ کریں۔

اس سے پہلے  ایمنسٹی کی گلوبل ریسرچ، ایڈووکیسی اور پالیسی کی سربراہ نے اس خبر پر اپنا  ردعمل دیا تھا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ  یہ دعوت بین الاقوامی قانون کی کھلی توہین ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ  یہ دعوت اس بات کی تصدیق کرتی ہے کہ یورپی یونین کے رکن ممالک میں آئی سی سی کو مطلوب مبینہ جنگی مجرموں کو خوش آمدید کہا جاتا ہے۔

Watch Live Public News