ویب ڈیسک: وزیرِاعلیٰ مریم نواز نے صدر مسلم لیگ ن محمد نواز شریف، وزیرِاعظم شہباز شریف اور انکی ٹیم کو بجلی کی قیمتوں میں تاریخی کمی پر خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
اپنے بیان میں مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت وزیرِاعظم محمد شہباز شریف کے اس تاریخی فیصلے کا خیرمقدم کرتی ہے- تاریخ گواہ ہے کہ جب بھی محمد نواز شریف اقتدار میں آئے، ملک کو بحرانوں سے نکالا اور عوام کو حقیقی ریلیف دیا۔
مریم نواز شریف کا بیان میں مزید کہنا تھا کہ بجلی کے نرخوں میں کمی عید کے موقع پر قوم کے لیے ایک قیمتی تحفہ ہے- گھریلو صارفین کیلئے7.41 روپے فی یونٹ اور صنعتوں کے لیے 7.59 روپے فی یونٹ کمی مہنگائی سے ستائے عوام کے لیے بہت بڑی سہولت ہے-
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے بجلی کے نرخوں میں نمایاں کمی سے عوام دوستی، دور اندیشی اور معاشی بصیرت کا ثبوت دیا ہے۔ بجلی کے نرخوں میں کمی ملکی معیشت اور صنعتوں کے فروغ کے لیے بھی ایک سنگ میل ثابت ہوگی۔
مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ بجلی کی قیمتوں میں کمی کا فیصلہ محض پالیسی نہیں بلکہ محمد نواز شریف اور انکی کی عوام سے کمٹمنٹ کا اظہار ہے- مسلم لیگ ن دن رات عوام کو ریلیف دینے اور ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے سرگرم عمل ہے۔ وزیرِاعظم محمد شہباز شریف، صدر مسلم لیگ ن محمد نواز شریف کے ویژن کو آگے بڑھا رہے ہیں-