ویب ڈیسک: قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے پیٹرول کی بڑھتی قیمتوں کے حوالے سے اپنی ویڈیو پر وضاحت دے دی۔
شاہد آفریدی نے پٹرولیم مصنوعات میں اضافے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کچھ شر پسند عناصر میری پرانی ویڈیو شیئر کر رہے ہیں۔ ویڈیو میں غلط تاثر دینے کی کوشش کر رہے ہیں کہ میں پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کا دفاع کر رہا ہوں۔ حقیقت یہ ہے کہ یہ ویڈیو حالیہ اضافے سے پہلے بنائی گئی تھی۔ یہ صرف توانائی کے بچت اور کم استعمال کے بارے میں آگاہی ویڈیو تھی، جو وزارتِ اطلاعات عطاء اللہ تارڑ کی درخواست پر تیار کی گئی تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ قیمتوں میں حالیہ اضافہ پسی ہوئی عوام کی کمر توڑ کر رکھ دے گا جس کا دفاع ممکن نہیں۔ سابق کپتان نے مزید کہا کہ کم عقل اور کم علم دوستوں کے لیے وضاحت ہے کہ اس پیغام کو مذموم سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنا اور توڑ مروڑ کر پیش کرنا عوام کو گمراہ کرنے کی شرم ناک کوشش ہے۔