بنوں: تھانہ ڈومیل پر خوارج کا خود کش حملہ ناکام، بچے اور خواتین سمیت 10 شہری شہید

بنوں: تھانہ ڈومیل پر خوارج کا خود کش حملہ ناکام، بچے اور خواتین سمیت 10 شہری شہید
کیپشن: بنوں: تھانہ ڈومیل پر خوارج کا خود کش حملہ ناکام، بچے اور خواتین سمیت 10 شہری شہید

ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں کے تھانہ ڈومیل پر خوارج کا بزدلانہ خودکش حملہ ناکام،خودکش حملہ آور نے تھانے کے باہر سول آبادی کو نشانہ بنا ڈالا جس کے نتیجے میں 10معصوم شہری شہید جبکہ 4شدید زخمی ہوئے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق بنوں خودکش حملے میں شہید ہونے والوں میں7 خواتین ، ایک بچہ اور2مرد شامل ہیں۔ بنوں خودکش حملے  کے زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں انہیں فوری طبی امداد کی فراہمی جاری ہے۔ ریسکیو ٹیمیں اور مقامی افراد متاثرہ عمارت کا ملبہ ہٹانے اور امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔

 سکیورٹی ذرائع کے مطابق بہترین حفاظتی اقدامات کی بدولت تھانہ ڈومیل پر حملہ ناکام ہوا لیکن خوارج کی بزدلی کی وجہ سے عام آبادی کو نقصان اٹھانا پڑا۔سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ریسکیو اینڈ سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ یہ عناصر بنوں کے امن پسند عوام کو دہشت گردی میں جھونکنا چاہتے ہیں، تاہم ان خوارج کا خاتمہ یقینی ہے۔

 سکیورٹی ذرائع کے مطابق آخری خوارجی کے خاتمے تک نیشنل ایکشن پلان کے تحت کارروائیاں جاری رہیں گی۔

Watch Live Public News