ویب ڈیسک: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا صوبے کو زہریلے صنعتی مادوں اور زہریلی دھاتوں سے پاک کرنے کیلئے میگا آپریشن کا حکم، صوبے بھر میں ہنگامی بنیادوں پر سروے کا آغاز کر دیا گیا۔
حکومت نے واضح کیا ہے کہ صنعتوں سے نکلنے والے زہریلے کچرے اور مواد کو نہروں اور نالوں میں پھینکنے پر مکمل پابندی ہوگی، زہریلا کچرا عوام میں مہلک بیماریاں پھیلانے کی بنیادی وجہ ہے۔
صوبائی حکومت نے ویسٹ ٹریٹمنٹ کے بغیر سوسائٹیاں بند کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں 28 ہاؤسنگ سوسائٹیوں اور صنعتوں کو نوٹس جاری کر دیا گیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ہڈیارہ ڈرین میں زہریلے اور انسانی صحت کیلئے خطرناک کچرا ڈالنے کا سخت نوٹس لے کر کارروائی کا حکم دیا تھا۔ وزیر اعلیٰ نے اداروں کو 10 اگست تک ہڈیارہ ڈرین کی صفائی کی ڈیڈلائن دے دی۔
دوسری جانب، وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں انڈسٹریل یونٹس اور ہاٶسنگ سوساٸیٹیوں کے خلاف فوری کارروائی کا فیصلہ کیا گیا۔ ماحول کے تحفظ (ای پی اے) کے ادارے کی قیادت میں ضلعی انتظامیہ، آبپاشی، واسا، انڈسٹری، صحت، ایل ڈی اے سمیت دیگر متعلقہ محکمے مل کر میگا آپریشن کریں گے۔ آپریشن کے دوران پنجاب بھر میں نہروں اور نالوں کا معائنہ ہوگا اور ماحول کا عالمی معیار قائم کیا جائے گا۔
اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ زہریلے صنعتی کچرے سے ہیضہ، ٹائیفائیڈ، پھیپڑوں کے کینسر سمیت دیگر مہلک بیماریاں بڑھ رہی ہیں۔ جس پر سینیئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے ہدایت دی کی 31 اگست تک مکمل ہیلتھ سروے پیش کیا جائے اور رپورٹ پر عمل یقینی بنایا جائے۔