ویب ڈیسک: بانی پی ٹی آئی عمران خان نے آرمی چیف کو خط لکھ دیا، جس میں دہشت گردی کے باعث فوجی جوانوں کی شہادت سے متعلق گزارشات پیش کی گئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وکیل پی ٹی آئی فیصل چودھری نے اڈیالہ جیل میں میڈیا سے غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو خط بھجوایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ خط ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت اور سابق وزیراعظم کے طور پر بھجوایا گیا، جس میں دہشتگردی کے باعث فوجی جوانوں کی شہادت کے حوالے سے گزارشات پیش کی گئی ہیں۔
فیصل چودھری کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کا خط 6 نکات پر مشتمل ہے، خط میں لکھا گیا ہے کہ دہشتگردی کیخلاف جنگ میں فوج تب کامیاب ہوتی ہے جب قوم اس کے پیچھے کھڑی ہو۔
وکیل فیصل چودھری نے کہا کہ عمران خان نے آرمی چیف سے پالیسی میں روبدل کی درخواست کی ہے، خط میں ملکی تاریخ کے فراڈ الیکشن 26ویں آئینی ترامیم کے حوالے سے بھی مواد تحریر کیا گیا ہے، پیکا قانون، پی ٹی آئی کے خلاف ریاستی دہشت گردی، خفیہ اداروں کی آئینی ذمہ داری، ملکی معاشی صورتحال کا ذکر کیا گیا ہے۔
فیصل چودھری نے مزید کہا کہ خط میں لکھا گیا ہے کہ فوج اور قوم میں دوریاں پیدا ہو رہی ہیں، ان فاصلوں کی سب سے بڑی وجہ اسٹیبلشمنٹ کی پالیسیز ہیں، اسٹیبلشمنٹ ان کے ساتھ کھڑی ہوئی جو 2 دفعہ کے این آر او زدہ ہیں جس سے قوم میں نفرت پیدا ہوئی۔