(ویب ڈیسک ) آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کی فزیکلی ٹکٹس کی فروخت کا آغاز ہوگیا، ٹکٹس خریدنے کے لیے نجی کورئیر سروس کے دفاتر میں لمبی قطاریں لگ گئیں۔
تفصیلات کے مطابق چیمپئنز ٹرافی 2025 کے کراچی، لاہور، اور راولپنڈی میں کھیلے جانے والے 10 میچز کے ٹکٹوں کی فزیکل فروخت شروع ہوگئی، جو لوگ فزیکل ٹکٹس خریدنا چاہتے ہیں وہ ملک بھر کے 26 شہروں میں واقع 108 ٹی سی ایس مراکز سے حاصل کر سکتے ہیں۔
ٹکٹس خریدنے کے لیے نجی کورئیر سروس کے دفاتر میں لمبی قطاریں لگ گئیں، شائقین کی ہر نرخ کی ٹکٹس خریدنے میں بھرپور دلچسپی دکھائی دے رہی ہے۔
ادھر آئی سی سی نے چیمپئنز ٹرافی 2025 کے دبئی میں ہونے والے میچز کے لیے ٹکٹوں کی فروخت کی تاریخ اور وقت کا اعلان کردیا۔
آئی سی سی کا کہنا ہے کہ دبئی میں پاک بھارت میچ سمیت بھارت کے باقی دو گروپ میچز اور دبئی میں کھیلے جانے والے پہلے سیمی فائنل کے ٹکٹس کی فروخت آج سے شروع ہوگی، پرستار اپنے ٹکٹس آن لائن خرید سکتے ہیں، جنرل اسٹینڈ کے ٹکٹس کی قیمت 125 درہم سے شروع ہوگی۔
خیال رہے کہ پاکستان میں ہونے والے میچز کی ٹکٹوں کی آن لائن فروخت پہلے ہی گزشتہ منگل سے شروع ہوچکی ہے، فائنل کے ٹکٹس دبئی میں پہلے سیمی فائنل کے اختتام کے بعد جاری کیے جائیں گے۔