ویب ڈیسک: پاکستان سپر لیگ نے تصدیق کی ہے کہ ملتان سلطانز کی ملکیت کے لیے چھ بولیاں موصول ہو چکی ہیں، جبکہ پی ایس ایل 11 سے قبل فرنچائز حاصل کرنے کی دوڑ میں تیزی آ گئی ہے۔
پاکستان سپرلیگ نے یہ اپ ڈیٹ اپنے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے ذریعے شیئر کی، جس میں فرنچائز کے لیے بولی کے عمل میں شامل فریقین کی تعداد ظاہر کی گئی۔ پوسٹ میں بتایا گیا کہ ملتان سلطانز کے لیے مجموعی طور پر چھ بولیاں موصول ہوئی ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) نے 14 جنوری 2025 کو باضابطہ طور پر فروخت کے عمل کا آغاز کیا تھا، جب بورڈ نے دلچسپی رکھنے والے گروپس کو فرنچائز کے حقوق کے لیے درخواست دینے اور بولیاں جمع کرانے کی دعوت دیتے ہوئے اشتہار جاری کیا۔ پی سی بی 2021 کی پی ایس ایل چیمپئن ٹیم کی ملکیت کے لیے پیشکشیں طلب کر رہا ہے۔
تکنیکی پروپوزل کے لیے دستاویزات جمع کرانے کی آخری تاریخ ابتدا میں 30 جنوری مقرر کی گئی تھی، تاہم بعد ازاں اس میں ترمیم کر دی گئی۔
ملتان سلطانز اس وقت دستیاب ہوئی جب سابق مالک علی ترین نے نومبر میں فرنچائز سے علیحدگی کا اعلان کیا۔ ان کی علیحدگی پی سی بی کے ساتھ کشیدہ تعلقات کے بعد سامنے آئی، جو مبینہ طور پر ایک سال سے زائد عرصے سے جاری تھے۔
بعد ازاں پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا کہ موجودہ معاہدے کی مدت 31 دسمبر 2025 کو ختم ہونے کے بعد بورڈ فرنچائز کا کنٹرول سنبھال لے گا۔
ایک مرحلے پر توقع کی جا رہی تھی کہ پی سی بی 2027 میں فروخت سے قبل ایک سیزن تک ٹیم خود چلائے گا، تاہم حالیہ فرنچائز فروخت میں بہتر ویلیوایشنز نے بورڈ کو جلد اقدام پر آمادہ کیا۔
گزشتہ ماہ جناح کنونشن سینٹر میں ہونے والی فرنچائز نیلامی کے دوران ایف کے ایس گروپ اور او زیڈ ڈیولپرز نے بالترتیب حیدرآباد اور سیالکوٹ کی نئی شامل کی گئی ٹیمیں 1.75 ارب روپے اور 1.85 ارب روپے میں خریدیں، جس کے بعدپی ایس ایل سیزن 11 سے چھ سے بڑھ کر آٹھ ٹیموں پر مشتمل ہو گئی۔
پی ایس ایل 11 کا آغاز 26 مارچ کو متوقع ہے، جبکہ کھلاڑیوں کی نیلامی 11 فروری کو منعقد کی جائے گی۔