ویب ڈیسک: ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے پاکستان سمیت 75 ممالک کے امیگرنٹ ویزوں کی پروسیسنگ معطل کرنے کے فیصلے کے خلاف امریکی عدالت میں مقدمہ دائر کر دیا گیا ہے۔
شہری حقوق کی تنظیموں کے ایک گروپ نے نیویارک کی عدالت میں امریکی محکمہ خارجہ کے خلاف قانونی کارروائی شروع کی ہے۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ کی نئی ویزا پالیسی امیگریشن قوانین کی دہائیوں پر محیط مستحکم بنیادوں کو شدید نقصان پہنچا رہی ہے۔
مقدمے میں عدالت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ کی اس ویزا پالیسی کو روکنے کے لیے فوری حکمِ امتناع جاری کیا جائے۔
واضح رہے کہ امیگرنٹ ویزوں کی پروسیسنگ معطل کرنے کا یہ فیصلہ 21 جنوری سے نافذ العمل ہے۔
جن ممالک کے لیے امیگرنٹ ویزوں کی پروسیسنگ معطل کی گئی ہے، ان میں پاکستان کے علاوہ افغانستان، البانیہ، الجزائر، آرمینیا، آذربائیجان، بنگلادیش، بیلاروس، بھوٹان، بوسنیا اور دیگر ممالک شامل ہیں۔