ویب ڈیسک: فیڈرل بورڈ آف ریونیو ( ایف بی آر) نے وفاقی دارالحکومت میں رہائشی اور کمرشل جائیدادوں کے نئے سرکاری ریٹس جاری کر دیے ہیں، جن کے مطابق پراپرٹی کی قیمتوں میں 15 سے 75 فیصد تک اضافہ کیا گیا ہے۔
ایف بی آر کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق اسلام آباد میں غیرمنقولہ املاک کی نظرثانی شدہ ویلیوایشن نافذ العمل ہو گئی ہے۔ نئے ریٹس کے تحت جائیدادوں کی مارکیٹ ویلیو کا تعین کیا جائے گا، جس کی بنیاد پر کیپیٹل گین ٹیکس اور ودہولڈنگ ٹیکس وصول کیا جائے گا۔
نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ پانچ سال تک پرانی رہائشی تعمیر شدہ جائیداد کے لیے نیا ریٹ 3 ہزار روپے فی مربع فٹ مقرر کیا گیا ہے، جبکہ پانچ سال سے زائد پرانی تعمیر شدہ جائیداد کے ریٹس 1500 روپے فی مربع فٹ طے کیے گئے ہیں۔
ایف بی آر کے مطابق نئے ایس آر او کے جاری ہونے کے بعد اسلام آباد میں پراپرٹی کے تمام پرانے سرکاری ریٹس منسوخ ہو گئے ہیں اور اب لین دین نئے نرخوں کے مطابق ہوگا۔