وزیر اعظم کی قوم  ، دنیا بھر کے مسلمانوں کو شب برات کی  مبارکباد

وزیر اعظم کی قوم  ، دنیا بھر کے مسلمانوں کو شب برات کی  مبارکباد

(ویب ڈیسک ) وزیر اعظم شہباز شریف  نے قوم اور دنیا بھر کے مسلمانوں کو شب برات کی  مبارکباد دی ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے پیغام میں کہا ہے کہ   پاکستان اور دنیا بھر کے مسلمانوں کو شب برات کے بابرکت اور روح پرور موقع پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔پندرہویں شعبان المعظم کی یہ مقدس رات اللہ بزرگ و برتر کے حضور اپنے اعمال پر نظر ثانی اور دانستہ نادانستہ کوتاہیوں پر استغفار اور تزکیہ نفس کا موقع فراہم کرتی ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ یہ مبارک شب مسلمانوں کو اللہ کے فضل و کرم، رحمت، برکات اور بخشش کا طلبگار ہونے کا موقع فراہم کرتی ہے۔ اللہ تعالی اس مبارک شب کی روحانی قدر و منزلت سے   مسلمانوں کو مستفید ہونے کی سعادت عطا فرمائے۔  بے شک یہ عظیم اور مقدس رات اللہ تبارک تعالیٰ کی خصوصی عنایت ہے اور مسلمانوں کے ایمان اور اللہ کی اطاعت جیسی مذہبی اقدار کو ترو تازہ کرتی ہے۔ 

وزیر اعظم نے کہا کہ شب برات  اعمال انسانی کا خلوص نیت سے محاسبہ کرنے کے ساتھ ساتھ  دلی توبہ اور ہدایت ایزدی کا طالب ہونے کا نام ہے،بے شک یہ شب باعث ترغیب ہے کہ اپنی انفرادی و اجتماعی زندگی کی اصلاح  کرتے ہوتے نیکی اور  تقوی کو مشعل راہ بنایا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ اللہ تعالی ہم سب کو اعمال کی درستگی کی راہ پر چلتے ہوے اسوہ حسنہ پر  عمل پیرا ہونے کی سعادت عطا فرمائے۔ تاکہ ہم سماجی سطح پر  نیکی ، رحم دلی ،عدل و انصاف اور دیگر مثبت اقدار کو رائج کر سکیں۔ 

وزیر اعظم نے کہا کہ اس موقع پر میں قوم سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ  اس مبارک شب انفرادی تزکیہ کے ساتھ بحیثیت قوم بھی اپنے فرائض کا تزکیہ کریں۔ شب برات کی ان با برکت ساعتوں میں ہم دست بدعا ہیں کہ اللہ تعالیٰ ملک عزیز  کو  امن و استحکام، یکجہتی، باہمی اتحاد اور ترقی و خوشحالی کا گہوارہ بنا ئیں اور ملکی استحکام اور ترقی اور خوشحالی کے لئے تعمیری کردار ادا کریں۔

Watch Live Public News