پنجاب میں مون سون کی دوسری لہر، پی ڈی ایم اے کا الرٹ جاری

پنجاب میں مون سون کی دوسری لہر، پی ڈی ایم اے کا الرٹ جاری
کیپشن: پنجاب میں مون سون کی دوسری لہر، پی ڈی ایم اے کا الرٹ جاری

ویب ڈیسک: پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ( پی ڈی ایم اے) نے صوبے بھر میں مون سون بارشوں کی دوسری لہر کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا ہے۔

محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق 5 سے 10 جولائی کے دوران پنجاب کے بیشتر اضلاع میں تیز آندھی، گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔متاثرہ ڈویژنز میں لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، ملتان، سرگودھا، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور، ساہیوال اور گجرات شامل ہیں۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ کو پیشگی اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ ممکنہ سیلابی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔

بارشوں کے باعث دریاؤں اور برساتی ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ موجود ہے، جبکہ شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کے خدشات بھی بڑھ گئے ہیں۔ پی ڈی ایم اے نے محکمہ صحت، آبپاشی، تعمیر و مواصلات، لوکل گورنمنٹ اور لائیو اسٹاک سمیت تمام متعلقہ اداروں کو بھی الرٹ کر دیا ہے۔

شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ خراب موسم کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں، آندھی و طوفان کی صورت میں محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں، اور آسمانی بجلی سے بچاؤ کے لیے کھلی جگہوں پر نہ جائیں۔ بچوں کو نشیبی علاقوں، پانی، بجلی کی تاروں یا کھمبوں کے قریب نہ جانے دیا جائے۔

مزید کہا گیا ہے کہ عوام گرج چمک اور طوفانی صورتحال کے دوران احتیاط برتیں تاکہ کسی بھی ممکنہ نقصان سے بچا جا سکے۔

Watch Live Public News