ایران اور اسرائیل سیزفائر کے پیچھے بھی وردی ہے، محسن نقوی

ایران اور اسرائیل سیزفائر کے پیچھے بھی وردی ہے، محسن نقوی
کیپشن: ایران اور اسرائیل سیزفائر کے پیچھے بھی وردی ہے، محسن نقوی

ویب ڈیسک: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے انکشاف کیا ہے کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی میں وزیراعظم پاکستان کا اہم کردار رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’سیزفائر کے پیچھے بھی وردی ہے‘‘ اور اس کامیابی پر پاکستان کو فخر کرنا چاہیے۔

محسن نقوی نے وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری کے ہمراہ محرم الحرام کے حوالے سے مختلف مکاتبِ فکر کے علما کرام سے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیر داخلہ نے کہا کہ علما نے ہمیشہ قیامِ امن میں مثبت کردار ادا کیا ہے، اور چیئرمین رویت ہلال کمیٹی تمام مکاتب کو ساتھ لے کر چل رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسینؓ سب کے ہیں اور محرم الحرام میں مذہبی ہم آہنگی کا فروغ حکومت کی ترجیح ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اللہ کے فضل سے بھارت کے خلاف جنگ میں پاکستان کو کامیابی ملی، بھارتی میزائل اپنے ہدف تک نہ پہنچ سکے جبکہ پاکستان کی جوابی کارروائی میں سویلین کو نشانہ نہیں بنایا گیا۔ ایک میزائل بھارت کے آئل ڈپو کو لگا لیکن آبادی محفوظ رہی۔

محسن نقوی نے کہا کہ فیلڈ مارشل کو جنگ کے دوران کسی پریشانی کا سامنا نہیں تھا، بھارت نے چار گنا زیادہ نقصان اٹھایا، اسی وجہ سے یومِ آزادی بھی چار گنا زیادہ جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے۔ انہوں نے خیبرپختونخوا کے حساس علاقوں میں علما سے بات چیت کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ مقامی افراد کی مدد کے بغیر دہشت گردی کا خاتمہ ممکن نہیں۔

وزیر مملکت داخلہ طلال چودھری نے کہا کہ علمائے کرام نے ملک بھر میں امن کے لیے مؤثر کردار ادا کیا ہے اور انہیں دہشت گردی کے خلاف مزید فعال کردار ادا کرنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں کسی نفرت یا فرقہ واریت کا شکار نہیں ہونا بلکہ متحد رہنا ہے۔

اس موقع پر چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ پاکستان نے مذہبی ہم آہنگی اور رواداری کے میدان میں شاندار کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے پاکستان پر جھوٹے الزامات لگائے اور جارحیت مسلط کی، لیکن پاکستان نے افواج کے تعاون سے بھرپور جواب دیا۔

مولانا عبدالخبیر نے مزید کہا کہ ایران نے اسرائیل کو مؤثر جواب دیا اور ایران-اسرائیل جنگ میں پاکستان کا کردار روشن اور قابلِ فخر ہے۔ محرم کے دوران امن کے قیام پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’’اپنے مسلک کو چھوڑو مت، کسی کے مسلک کو چھیڑو مت‘‘ دشمن کی چالوں سے ہوشیار رہنا ہوگا۔

Watch Live Public News