ویب ڈیسک: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کاہنہ میں پیش آنے والے افسوسناک سانحے میں جاں بحق ہونے والے بچوں کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور ان سے تعزیت کا اظہار کیا۔ اس موقع پر سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب بھی ان کے ہمراہ موجود تھیں۔
وزیراعلیٰ نے سوگوار ماؤں سے ملاقات کی، ان کے غم میں شریک ہوئیں اور انہیں دلاسہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس سانحے پر دکھ کے اظہار کے لیے الفاظ ناکافی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب متاثرہ خاندانوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔ وزیراعلیٰ نے حکومت پنجاب کی جانب سے جاں بحق ہونے والے ہر بچے کے ورثا کے لیے 20 لاکھ روپے جبکہ زخمیوں کے لیے 5 لاکھ روپے مالی امداد کا اعلان کرتے ہوئے امدادی چیکس بھی تقسیم کیے۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور علاج میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ کسی بھی مالی امداد سے والدین کے اس ناقابلِ تلافی نقصان کا ازالہ ممکن نہیں، تاہم حکومت متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ معصوم بچوں کی جانوں کا ضیاع انتہائی دلخراش سانحہ ہے، جس پر پوری قوم رنجیدہ ہے۔