ویب ڈیسک: پاکستان کے ٹیلی کام شعبے میں ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں ٹیلی نار پاکستان اور یوفون کے انضمام کے بعد نئی کمپنی پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن موبائل لمیٹڈ (PTML) باضابطہ طور پر قائم کر دی گئی ہے۔
انضمام کے بعد دونوں موبائل آپریٹرز اپنے نیٹ ورک، صارفین، آپریشنز اور دیگر کاروباری سرگرمیاں مشترکہ پلیٹ فارم کے تحت چلائیں گے، جبکہ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ (PTCL) اپنی فکسڈ لائن، براڈ بینڈ اور دیگر کاروباری خدمات کے ساتھ ایک الگ ادارے کے طور پر کام جاری رکھے گی۔
رپورٹس کے مطابق یہ انضمام کمپیٹیشن کمیشن آف پاکستان (CCP) کی منظوری اور اس کی جانب سے عائد کردہ شرائط کے تحت مکمل کیا گیا ہے۔ کمیشن نے ہدایت کی تھی کہ پی ٹی سی ایل کو نئی موبائل کمپنی میں ضم کرنے کے بجائے ایک علیحدہ قانونی اور انتظامی ادارے کے طور پر برقرار رکھا جائے، جس کے بعد پی ٹی ایم ایل کے لیے الگ بورڈ آف ڈائریکٹرز اور انتظامی ڈھانچہ تشکیل دیا گیا ہے۔
انضمام کے نتیجے میں ٹیلی نار پاکستان اور یوفون کے نیٹ ورک انفراسٹرکچر، صارفین، تکنیکی وسائل اور آپریشنز کو یکجا کر دیا گیا ہے، جبکہ ذرائع کے مطابق یوفون کے دفاتر بھی مرحلہ وار کمپنی کے 345 ہیڈکوارٹرز منتقل کیے جا رہے ہیں تاکہ انضمام کا عمل مکمل کیا جا سکے۔
ٹیلی کام ماہرین کا کہنا ہے کہ اس انضمام سے پاکستان کی موبائل ٹیلی کمیونیکیشن مارکیٹ میں مسابقت، نیٹ ورک کی استعداد اور ڈیجیٹل خدمات کے معیار پر نمایاں اثرات مرتب ہونے کا امکان ہے۔ ماہرین کے مطابق مشترکہ وسائل کی بدولت صارفین کو بہتر کوریج، جدید سروسز اور نیٹ ورک کی کارکردگی میں بہتری آسکتی ہے، جبکہ پی ٹی سی ایل کی الگ حیثیت برقرار رکھنے سے مارکیٹ میں شفاف اور منصفانہ مقابلے کو فروغ دینے میں بھی مدد ملے گی۔