ویب ڈیسک: بلوچستان کے ضلع ژوب کے علاقے داناسر میں پیش آنے والے المناک بس حادثے میں بچ جانے والے ایک زخمی مسافر نے دعویٰ کیا ہے کہ حادثہ بریک فیل ہونے سے نہیں بلکہ ڈرائیور اور ایک مسافر کے درمیان جھگڑے کے بعد پیش آیا۔
زخمی مسافر حسین احمد کے مطابق بس میں تقریباً 45 افراد سوار تھے اور اس میں مبینہ طور پر غیر قانونی ایرانی ڈیزل بھی موجود تھا، جو راستے میں ایک چیک پوسٹ پر پکڑا گیا۔ ان کے بقول اس واقعے کے بعد ڈرائیور شدید غصے میں تھا اور اس نے ایک مسافر کو نقصان کا ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے اس سے تلخ کلامی شروع کر دی۔
حسین احمد نے دعویٰ کیا کہ جھگڑا شدت اختیار کرنے کے بعد ڈرائیور نے یا تو غصے میں بس پر سے کنٹرول کھو دیا یا جان بوجھ کر اسے گہری کھائی میں گرا دیا۔ ان کے مطابق ڈرائیور اور جس مسافر سے جھگڑا ہوا تھا، دونوں حادثے میں جاں بحق ہو گئے۔
واضح رہے کہ کوئٹہ سے پشاور جانے والی مسافر بس کھائی میں گرنے سے 40 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوئے تھے۔ ابتدائی طور پر ریسکیو حکام نے حادثے کی ممکنہ وجہ بریک فیل ہونا قرار دیا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ عینی شاہدین کے بیانات اور دیگر شواہد کی روشنی میں حادثے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں، جبکہ زخمیوں کا علاج قریبی اسپتالوں میں جاری ہے۔