پنجاب کابینہ کے 4 گھنٹے طویل اجلاس کی اندرونی کہانی

پنجاب کابینہ کے 4 گھنٹے طویل اجلاس کی اندرونی کہانی

لاہور ( پبلک نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا 44واں اجلاس، 4 گھنٹے تک جاری رہنے والے اجلاس میں اہم فیصلے، پنجاب کابینہ کا سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کیلئے احسن اقدام۔

گریڈ 1 سے 19 تک کے صوبائی ملازمین کو25فیصد خصوصی الاؤنس دینے کی حتمی منظوری دے دی گئی۔ خصوصی الاؤنس کا اطلاق یکم جون 2021سے ہوگا۔ 7لاکھ 21ہزار سے زائد ملازمین 25فیصد خصوصی الاؤنس کے حقدار ہوں گے۔

کابینہ نے یونیورسل ہیلتھ انشورنس پروگرام کے تحت پہلے مرحلے میں 7ارب10کروڑ روپے کے فنڈز کے اجراء کی منظوری دے دی۔ پروگرام کے تحت پہلے مرحلے میں ڈیرہ غازی خان ڈویژن اور ساہیوال ڈویژن کے شہریو ں کومفت علاج معالجہ کی سہولتیں ملیں گی۔

عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ پروگرام کے تحت پنجاب کی پوری آبادی کومفت ہیلتھ کوریج دیں گے۔ دسمبر تک ہر خاندان کو ہیلتھ کارڈ فراہم کر دیا جائے گا۔ اس پروگرام کے تحت 7 لاکھ 20 ہزار روپے سالانہ مفت علاج کے لیے دیئے جائیں گے۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کورونا ویکسین کی خریداری کے عمل کومزید تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ صحت ویکسین کی خریداری کے لئے ہنگامی بنیادوں پر تمام ضروری اقدام اٹھائے۔

کابینہ نے پنجاب بورڈ آف ریونیو ایکٹ 1957 میں ترمیم کی منظوری دی۔ اس ترمیم سے ریونیو سے متعلقہ کیسوں پر نظر ثانی کی دوسری اپیل کاحق نہیں ہوگااور ریونیو کیسوں کاجلد فیصلہ ممکن ہوسکے گا۔

کابینہ نے حالیہ بارشوں سے ہونے والی اموات اور مالی نقصان کے ازالے کیلئے مالی امداد دینے کی اصولی منظوری دی۔ حافظ آباد، ساہیوال، اوکاڑہ،پاکپتن او ردیگر اضلاع میں متاثرین کو فوری طور پرمالی امداد دی جائے گی۔

وزیراعلیٰ نے متاثرین کو مالی امدادکی فراہمی جلد سے جلد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ سٹمپ ایکٹ 1899میں ترامیم کا فیصلہ کیا گیا۔ پنجاب کابینہ نے 122سال پرانے سٹمپ ایکٹ میں ترامیم کی منظوری دی۔ اس ترمیم سے بورڈ آف ریونیو کے پاس پرائیویٹ ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے آڈٹ کا اختیار ہو گا

فلیٹس،ملٹی سٹوری بلڈنگز کی ملکیت کا ریکارڈ جمع کیاجا سکے گااورحکومت کو ریونیو ملے گا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے تمام شہروں کے ماسٹر پلان تیار کرنے کی ہدایت کی۔ شہروں کی ماسٹر پلاننگ کے لیے خصوصی کمیٹی تشکیل دی۔

وزیراعظم نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کے تحت پیری اربن ایریاز میں افورڈ ایبل ہاؤسنگ پراجیکٹس کو پنجاب ریونیو اتھارٹی کے سیلز ٹیکس سے مستثنیٰ قرار دینے کی اصولی منظوری دی گئی۔ پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل محمد اشرف طاہر کے کنٹریکٹ میں توسیع کی منظوری دی گئی۔

فرانزک سائنس ایجنسی میں نیا ٹیلنٹ سامنے لانے کے لئے ضروری اقدامات کا فیصلہ ہوا۔ راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹو آفیسرکے عہدے پر میرٹ میں پہلے نمبر پرآنے والے عمران امین کی تقرری کی با ضابطہ منظوری دی گئی۔

راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے نئے ممبران کی نامزدگیوں کی منظوری دی گئی۔ پنجاب آرمز رولز 2017ء میں ترمیم کی منظوری دی گئی۔ اس ترمیم سے اسلحہ لائسنس کی ٹرانسفر اورموڈی فکیشن کا اختیار اضلاع میں ڈپٹی کمشنرکے پاس ہو گا۔

انسپکشن اینڈ سرٹیفکیشن آف پرائیویٹ وہیکلز (موٹر کار) کے لئے قانونی ترامیم کی منظوری دی گئی۔ پنجاب گرین ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت 5سال پرانی پرائیویٹ گاڑیوں کو فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کرنا ہوگا۔ 3ویلر موٹر سائیکل رکشہ کوٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر جرمانہ کیا جاسکے گا۔

پنجاب موٹر وہیکلز رولز 1969ء اور پنجاب موٹر وہیکلز ٹرانزیکشن لائسنس رولز 2015 ء میں ترامیم کی منظوری دی گئی۔ موٹر وہیکلز کی رجسٹریشن اور خرید و فروخت کے نظام کو مزید شفاف بنانے کے لئے بائیو میٹرک سسٹم اور ارجنٹ پروسیسنگ فیس کا نظام متعارف کرایا جائے گا۔

بائیومیٹرک کی سہولت ای خدمت سنٹر،نادرا اور موٹر ڈیلرز کے پاس بھی ہوگی۔ اس سسٹم سے گاڑیوں کی رجسٹریشن او رخرید وفروخت کے نظام میں جعلسازی کا خاتمہ ہوگا۔ کا بینہ نے پنجاب لیٹرز آف ایڈمنسٹریشن اینڈ سکسیشن سرٹیفکیٹس رولز 2021کی منظوری دے دی۔

رولز کے تحت وراثتی سر ٹیفکیٹس کے اجراء کو آسان بنایاجائے گا اور ا جراء نادرا سنٹرز سے ہوسکے گا۔ پنجاب ایگریکلچراینڈ میٹ کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرزکے لئے نامزدگیوں کی منظوری دی گئی۔ پنجاب فنانس ایکٹ 2014ء میں ترامیم کی منظوری دی گئی۔

اس ترمیم سے لگژری ہاؤسز پر ٹیکس کے نفاذ سے متعلق شکایات کاازالہ نچلی سطح پر ممکن ہوسکے گا۔ متعلقہ ریجن کے ڈائریکٹرزشکایات سن کر فیصلہ کرسکیں گے۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل کے پاس اپیل کی جاسکے گی۔

سولرپاور کی نیٹ میٹرنگ پر عملدرآمد کے لئے محکمہ توانائی اور DISCOs کے درمیان مفاہمت کی یادداشت کے مسودے کی منظوری دی گئی۔ محکمہ سوشل ویلفیئر کے 222ملازمین کو ریگولر کرنے کے لیے قواعد وضوابط کے مطابق مزید اقدامات کرنے کی اجازت ہو گی۔

چیئرمین پنجاب زکوٰۃ اینڈ عشر کونسل کے عہدے کے قواعد وضوابط میں ردوبدل کی منظوری دی گئی۔ کابینہ نے انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اتھارٹی پنجاب کی کارکردگی کو خراج تحسین کیا۔

خیبر پختونخوا کے ہسپتالوں کی تعمیر و مرمت کے لیے انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اتھارٹی پنجاب کو سروسز دینے کی اجازت دی گئی۔ سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق محکمہ تعلیم کے اسسٹنٹ لائبریرین کو گریڈ 8سے گریڈ11 دینے کی منظوری دی گئی۔

چنیوٹ میں جوڈیشل کمپلیکس کی تعمیر کے لیے محکمہ اوقاف کی اراضی کو سٹیٹ لینڈ سے تبادلے کی منظوری دی گئی۔ پنجاب ورکرز ویلفیئر فنڈ ہاؤسنگ الاٹمنٹ پا لیسی 2021 کی منظوری دی گئی۔ اس اقدام سے ورکرز کو گھروں کی الاٹمنٹ کے حوالے سے سہولتیں ملیں گی۔

ون ونڈو سیل لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی،ہاؤسنگ اربن ڈویلپمنٹ اینڈ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کی پرفارمنس آڈٹ رپورٹ برائے سال 2016-17 کی منظوری دی گئی۔ ڈسٹرکٹ گورنمنٹس اور حکومت پنجاب کے اکاؤنٹس کے بارے میں آڈیٹر جنرل آف پاکستان کی رپورٹس برائے سال 2017-18، 2018-19 اور 2019-20 کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں پنجاب کابینہ کے 43 ویں اجلاس کے منٹس کی توثیق کی گئی۔ اجلاس میں کابینہ سٹینڈنگ کمیٹی برائے فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ کے 57 ویں اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔ کابینہ کے اجلاس میں کابینہ سٹینڈنگ کمیٹی برائے قانونی امور کے 56 ویں،57 ویں، 58 ویں اور 59 ویں اجلاسوں کے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔

صوبائی وزراء، مشیران، معاونین خصوصی، چیف سیکرٹری اوراعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔