غاصب مودی سرکار کشمیریوں کےاثاثوں پر قابض ہونے لگی

غاصب مودی سرکار کشمیریوں کےاثاثوں پر قابض ہونے لگی
کیپشن: غاصب مودی سرکار کشمیریوں کےاثاثوں پر قابض ہونے لگی

پبلک نیوز: غاصب مودی سرکار کشمیریوں کے اثاثوں پر قابض ہونے لگی،مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و ستم گزشتہ 76 سالوں سے جاری ہے۔

تفصیلات کے مطابق اگست 2019 میں مودی سرکار نے جارحیت کی تمام حدود پار کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر میں آرٹیکل 370 منسوخ کر دیا،آرٹیکل 370 کی منسوخی تاریخ کا سیاہ ترین باب ہے جب مظلوم کشمیریوں کی آزادی کو بھی سلب کرنے کے لئے مودی نے انتہائی ظالمانہ اقدام اٹھایا۔

کشمیری عوام ماورائے عدالت قتل، اغواء، جسمانی تشدد، جنسی ہراسگی کے بعد اب اپنے اثاثوں سے بھی محروم ہونے لگے،بی جے پی ایک گھناؤنی سازش کے تحت کشمیریوں کی جائیدادوں پر قبضہ کرنے لگی ہے،مودی سرکار کے اس گھناؤنے منصوبے کا مقصد کشمیری عوام کو ان کی ہی سرزمین سے بے دخل کرنا اور ہندو آبادکاری کرنا ہے۔

گزشتہ روز بی جے پی کی جانب سے شوپیاں میں دو کشمیریوں کی کروڑوں مالیت کی جائیدادوں پر قبضہ کر لیا گیا،بی جے پی نے مقبوضہ جموں کشمیر میں امن اور آزادی پسند عوام اور تنظیموں کو سزا دینے کی آڑ میں کشمیری نوجوانوں کی جائیدادیں سیل کردی۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی پولیس نے بدنام زمانہ تحقیقاتی ایجنسیوں کے ساتھ مل کر دونوں کشمیری جوانوں کی نہ صرف زمینوں بلکہ دکانوں پر بھی قبضہ کر لیا۔مودی سرکار کی جانب سے کشمیریوں کو ان کی جائیدادوں سے محروم کرنے کے لیے بھارتی قومی تحقیقاتی ایجنسی اور ریاستی تحقیقاتی ایجنسی سمیت دیگر ایجنسیوں کو متحرک کر لیا،بی جے پی اب تک مقبوضہ کشمیر میں مظلوم کشمیری عوام کی سینکڑوں املاک پر قابض ہو چکی ہے۔

بھارتی قابض حکام نے سری نگر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے ہیڈ کوارٹر، جماعت اسلامی کے دفاتر، شاپنگ کمپلیکس، سکولوں اور اداروں کو قبضے میں لے لیا،مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی جانب سے کئی حریت رہنماؤں اور کارکنان کے گھروں اور کاروباری مراکز کو مسمار کر دیا گیا۔

اقوام متحدہ اور دیگر عالمی تنظیموں کو چاہیے کہ کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے لیے موثر اقدامات اٹھاتے ہوئے بی جے پی کی جارحانہ پالیسیوں کا نوٹس لیں۔

Watch Live Public News