بلوچستان میں مختلف کارروائیاں:"فتنہ الہندوستان" کے7دہشت گرد جہنم واصل

بلوچستان میں مختلف کارروائیاں:
کیپشن: بلوچستان میں مختلف کارروائیاں:"فتنہ الہندوستان" کے7دہشت گرد جہنم واصل

ویب ڈیسک: بلوچستان کے اضلاع کچھی اور قلات میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر دو الگ الگ آپریشنز میں بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے دہشت گرد نیٹ ورک " فتنہ الہندوستان" کے سات دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پہلا آپریشن بلوچستان کے ضلع کچھی کے علاقے مچھ میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا۔ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دشمن کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 5 بھارتی سرپرستی یافتہ دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دوسرا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن ضلع قلات کے عمومی علاقے مارگنڈ میں کیا گیا، جہاں " فتنہ الہندوستان" کے ایک اور خفیہ ٹھکانے کا سراغ لگا کر 2 مزید دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔

آئی ایس پی آر کا کہناہے کہ آپریشن کے دوران مارے جانے والے دہشت گردوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا گیا، جو مختلف تخریبی سرگرمیوں میں استعمال کیا جانا تھا۔ یہ دہشت گرد پاکستان میں کئی دہشت گرد کارروائیوں میں سرگرم رہے تھے۔

پاک فوج کے ترجمان کے مطابق سیکیورٹی فورسز بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور یہ عزم دہراتی ہیں کہ بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردی کے مرتکب عناصر اور ان کے سہولت کاروں کو ہر صورت انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

پاکستانی قوم اور سیکیورٹی فورسز متحد ہو کر دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں، اور ہر اس ہاتھ کو کاٹنے کے لیے تیار ہیں جو وطن عزیز کے امن کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری 

صدر مملکت آصف علی زرداری نے بلوچستان میں 2 مختلف کارروائیوں میں فتنہ الہندوستان کے 7 دہشت گرد جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انٹیلیجنس پر مبنی کاروائیوں کے دوران بھارتی پراکسی کے 9 دہشت گردوں کا قلع قمع کرنے پر سکیورٹی فورسز کی بہادری کو سراہا۔

صدر مملکت نے کہا کہ بھارت اپنی پراکسی کے ذریعے پاکستان میں دہشتگردی پھیلا رہا ہے،دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک سیکیورٹی فورسز کی کاروائیاں جاری رہیں گی، پاکستان کی سیکیورٹی فورسز فتنہ الہندوستان کے خاتمے کے لیے کاروائیاں کر رہی ہیں،دہشت گرد عناصر کے خاتمے، ملکی دفاع کیلئے ہمارا عزم غیر متزلزل رہے گا۔صدر مملکت کا دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے قومی عزم کا اظہار۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی

 وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کے خلاف مثالی کامیابیاں حاصل کیں، بلوچستان کے عوام کے تحفظ کے لیے ریاست دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی، فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو سلام پیش کرتے ہیں، دہشتگردی کے سہولت کار چاہے اندرونی ہوں یا بیرونی، کسی کو معاف نہیں کیا جائے گا۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں امن و ترقی کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے والوں کا ہر محاذ پر تعاقب کریں گے،ریاستی اداروں کی پیشہ وارانہ مہارت پر فخر ہے، کامیاب آپریشنز دشمنوں کے لیے واضح پیغام ہیں۔ بلوچستان کے امن میں خلل ڈالنے والے عناصر کو ان کے انجام تک پہنچایا جائے گا۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی 

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بلوچستان میں فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشنز پر  سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے سکیورٹی فورسز کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہا۔

محسن نقوی نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے   فتنہ الہندوستان کے 7 دہشتگردوں کو جہنم واصل کرکے  بڑی کامیابی حاصل کی ہے، فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں بیرونی پشت پناہی سے بلوچستان میں بدامنی کی کارروائیوں میں ملوث ہیں۔ فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کا مکمل صفایا کر کے بلوچستان میں امن کے لئے ہر حد تک جائیں گے۔

Watch Live Public News