ویب ڈیسک: الیکشن کمیشن نے پی پی 155 سے شیخ امتیاز کی نااہلی کے کیس کی سماعت 24 جون تک ملتوی کردی۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان میں حلقہ پی پی 155 سے سنی اتحاد کونسل کے رکن شیخ امتیاز کی نااہلی سے متعلق ریفرنس کی سماعت چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت 4 رکنی بینچ نے کی۔
سماعت کے دوران شیخ امتیاز کی نمائندگی معروف قانون دان لطیف کھوسہ نے کی، جنہوں نے کمیشن کو بتایا کہ ان کے مؤکل نے دسمبر 2022 میں کینیڈین شہریت ترک کر دی تھی جبکہ کینیڈین سفارتخانے کا تصدیقی خط فروری 2023 میں جاری ہوا۔
لطیف کھوسہ نے شہریت ترک کرنے سے متعلق اصل دستاویزات اور تصدیقی خط الیکشن کمیشن میں پیش کیے۔
دوسری جانب ن لیگ کے درخواست گزار نعیم شہزاد کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ شیخ امتیاز کے پاس کینیڈا کا پاسپورٹ 2027 تک کارآمد ہے اور انہوں نے مبینہ طور پر شہریت چھوڑنے کے بعد بھی اسی پر سفر کیا۔
چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دیے کہ اگر شہریت چھوڑنے کے بعد کینیڈین پاسپورٹ پر سفر کے ٹھوس شواہد موجود ہیں تو انہیں پیش کیا جائے۔
ن لیگی وکیل نے شواہد جمع کرانے کے لیے مہلت مانگی اور کہا کہ وہ شیخ امتیاز کی طرف سے جمع کرائے گئے سرٹیفکیٹ کا بھی تفصیلی جائزہ لینا چاہتے ہیں۔
الیکشن کمیشن نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد کیس کی مزید سماعت 24 جون 2025 تک ملتوی کر دی۔