دوسرے ون ڈے میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 42 رنز سے شکست دیدی

دوسرے ون ڈے میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 42 رنز سے شکست دیدی
کیپشن: دوسرے ون ڈے میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 42 رنز سے شکست دیدی

ویب ڈیسک: تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 42 رنز سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کر دی۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے ٹاس جیت کر آسٹریلیا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

آسٹریلوی ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 231 رنز بنائے۔ مہمان ٹیم کی جانب سے کیمرون گرین 53، جوش انگلس 51 اور میتھیو رینشا 43 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔

پاکستان کی جانب سے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ حارث رؤف، عرفات منہاس اور ابرار احمد نے دو، دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

232 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی بیٹنگ لائن مشکلات کا شکار رہی اور پوری ٹیم 44 اوورز میں 190 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

پاکستان کی جانب سے شاداب خان نے ناٹ آؤٹ 71 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی، تاہم وہ ٹیم کو فتح سے ہمکنار نہ کر سکے۔  غازی غوری 37 اور عرفات منہاس 33 رنز  بنا سکے۔

آسٹریلیا کی جانب سے ناتھن ایلس نے 4 جبکہ میتھیو شارٹ نے 3 وکٹیں حاصل کر کے اپنی ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔

واضح رہے کہ سیریز کے پہلے ایک روزہ میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کو 5 وکٹوں سے شکست دی تھی۔ اس کامیابی کے بعد آسٹریلیا نے سیریز میں واپسی کرتے ہوئے مقابلہ 1-1 سے برابر کر دیا ہے۔

Watch Live Public News