بجٹ 2026-27: پٹرولیم مصنوعات پر کلائمٹ سپورٹ لیوی دگنی کیے جانے کا امکان

بجٹ 2026-27: پٹرولیم مصنوعات پر کلائمٹ سپورٹ لیوی دگنی کیے جانے کا امکان

(ویب ڈیسک ) پٹرول اور ڈیزل پر کلائمٹ سپورٹ لیوی 2.5 سے بڑھا کر 5 روپے فی لیٹر کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

بجٹ سے قبل عوام پر نئے ٹیکسوں کی تیاری، مہنگائی کے خدشات بڑھ گئے۔ پٹرول مہنگا، کرپٹو ٹیکس نیٹ میں، تاجروں کیلئے نئی اسکیم متوقع ہے۔

پٹرولیم مصنوعات پر کلائمٹ سپورٹ لیوی دگنی کیے جانے کا امکان ہے۔ پٹرول اور ڈیزل پر کلائمٹ سپورٹ لیوی 2.5 سے بڑھا کر 5 روپے فی لیٹر کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔نئے مالی سال میں کلائمٹ سپورٹ لیوی سے 90 ارب روپے سے زائد وصولی کا ہدف ہے۔

عوام پر 220 ارب روپے کے نئے ٹیکس عائد کیے جانے کی تجاویز بھی شامل ہیں ۔ آئی ایم ایف  نےجی ایس ٹی 18 سے بڑھا کر 19 فیصد کرنے پر زور دیا ہے۔ بجٹ میں تاجروں کیلئے فکسڈ ٹیکس اسکیم متعارف کرانے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔

20 کروڑ روپے سالانہ سیل پر 25 ہزار روپے فکس ٹیکس عائد کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔فکسڈ ٹیکس اسکیم اختیار کرنے والے تاجروں کو آڈٹ سے استثنیٰ ملنے کا امکان ہے۔

فارمولا دودھ، گھی، کوکنگ آئل اور چائے سمیت درجنوں اشیا تیسرے شیڈول میں شامل کرنے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔اشیائے خورونوش پر پرچون قیمت پرنٹ کرنا لازمی قرار دیے جانے کا امکان  ہے۔چینی، خشک دودھ اور کیچپ سمیت متعدد اشیا پر سخت ٹیکس نگرانی کی تیاری کی جا رہی ہے۔

بھاری ٹیکس والی اشیا پر رعایت نہ ملنے سے مہنگائی برقرار رہنے کا خدشہ ہے۔نئے بجٹ میں روزمرہ استعمال کی متعدد اشیا مزید مہنگی ہونے کا امکان  ہے۔

الیکٹرک گاڑیوں کی سی کے ڈی کٹس پر سیلز ٹیکس چھوٹ ختم ہونے کا امکان ہے۔ہائبرڈ گاڑیوں پر رعایتی سیلز ٹیکس کی مدت 30 جون کو ختم ہو جائے گی۔الیکٹرک اور ہائبرڈ گاڑیوں کیلئے مزید ٹیکس ریلیف کا امکان کم ہے۔

کرپٹو ٹریڈنگ پر 10 سے 30 فیصد تک کیپیٹل گین ٹیکس عائد کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔کرپٹو ٹرانزیکشنز کو باقاعدہ ٹیکس نیٹ میں لانے کی تیاری کی جا رہی ہے۔سپر ٹیکس میں ایک سے دو فیصد کمی کی تجویز زیر غور ہے۔

سابق قبائلی علاقوں کیلئے ٹیکس استثنیٰ ختم کیے جانے کا امکان ہے۔فاٹا اور پاٹا کے ٹیکس استثنیٰ ختم کرنے کی تجویز بجٹ کا حصہ بننے کا امکان ہے۔

بجٹ میں صحت کے شعبے کیلئے 22 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔اسلام آباد کینسر اسپتال کیلئے 1.29 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔وزیراعظم انسداد ہیپاٹائٹس پروگرام کیلئے ڈیڑھ ارب روپے مختص کرنے اوروزیراعظم انسداد ذیابیطس پروگرام کیلئے ایک ارب روپے رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔

پمز میں اسٹروک اور کریٹیکل کیئر سہولیات کی توسیع کیلئے 1.5 ارب روپے مختص ہونے کا امکان ہے۔قومی صحت کے جاری منصوبوں کیلئے 19 ارب 36 کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ جبکہ جناح اسپتال پولی کلینک منصوبے کیلئے 1.5 ارب روپے مختص ہونے کا امکان ہے۔این آئی ایچ کی متعدی امراض لیبارٹری کیلئے ایک ارب روپے رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔

Watch Live Public News