ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اعلان کیا ہے کہ بیرسٹر گوہر علی خان پارٹی کے بلامقابلہ چیئرمین اور عمر ایوب جنرل سیکرٹری منتخب ہوگئے جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران ترجمان پی ٹی آئی رؤف حسن نے کہا کہ پارٹی چیئرمین کے لیے 3 امیدواروں کی درخواست قبول کی تھی تاہم اشرف جباراور اسلم صاحب پارٹی مفاد کے لیے دستبردار ہوئے اور بیرسٹر گوہر علی خان پارٹی کے بلامقابلہ چیئرمین منتخب ہوگئے۔
رؤف حسن نے کہا کہ سپریم کورٹ نے کچھ گائیڈ لائنز مقرر کی تھیں، ہم نے تیسری بار انٹراپارٹی الیکشن کرائے، بلوچستان میں انٹراپارٹی انتخاب جاری، 3 بجے نتائج آئیں گے۔
سندھ، پنجاب اور خیبرپختونخوا چیپٹرز کے صوبائی صدور کا بھی اعلان کر لیا گیا ہے، اب صرف بلوچستان میں پارٹی صدر کے لیے انتخاب ہونا باقی ہے۔
پی ٹی آئی بلوچستان کے پینلز میں امین خان جوگیزئی پینل، داؤد شاہ پینل اور منیر احمد بلوچ پینل شامل ہیں، جن کے درمیان مقابلہ 3 مارچ 2024 کو ہوگا۔
پی ٹی آئی پنجاب کی صدر یاسمین راشد، پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے صدر علی امین گنڈا پور اور پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل بلا مقابلہ منتخب ہوگئے ہیں۔
یاد رہے کہ پی ٹی آئی کے 3 مارچ کو انٹرا پارٹی انتخابات ہونے والے تھے جس کے لیے متعدد رہنماؤں نے بطور پینل اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے تاہم پی ٹی آئی کے الیکشن کمشنر رؤف حسن کا کہنا تھا کہ ’ان رہنماؤں میں سے اکثریت نے انتخابات سے صرف دو دن قبل کاغذات نامزدگی واپس لے لیے تھے۔