ویب ڈیسک: افغانستان دہشتگرد گروہوں اور پراکسیز کیلئے محفوظ پناہ گاہ بن چکا ہے جس سے پورا خطہ متاثر ہورہا ہے۔ افغان طالبان کی زیر سرپرستی افغانستان سے سرحد پار دہشتگردوں کے حملے اور دراندازی معمول بن گئی ہے ۔
ساؤتھ ایشیا ٹیررازم پورٹل اور افغان جریدہ افغانستان انٹرنیشنل کے مطابق یورپی یونین نے طالبان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنی سرزمین کو دہشتگردوں کے محفوظ ٹھکانے بننے سے روکیں۔ افغان سرزمین کو کسی دوسرے ملک کیخلاف دہشتگردی کے لیے استعمال نہیں کیا جانا چاہیے۔
یورپی یونین نے طالبان سے افغانستان میں سرگرم تمام دہشتگرد گروہوں کیخلاف مؤثر کارروائی کا بھی مطالبہ کیا ہے۔
افغان جریدے نے اعتراف کیا ہے کہ امریکا اور چین نے پاکستان کی انسداد دہشتگردی کی کوششوں پر مکمل حمایت اور اعتماد کااظہار کیا ہے۔
ماہرین کے مطابق افغان طالبان رجیم نےاپنے ناجائز تسلط کو سہارا دینے کے لئے دنیا بھر کے دہشتگرد گروپوں کو سرپرستی فراہم کررکھی ہے۔ افغان سرزمین مضبوط اور مؤثر حکومت کے قائم نہ ہونے تک دہشتگرد تنظیموں کیلئے محفوظ پناہ گاہ بنی رہے گی۔