یواےای کی وزارت خارجہ نےبلومبرگ کی رپورٹ کو مسترد کردیا

یواےای کی وزارت خارجہ نےبلومبرگ کی رپورٹ کو مسترد کردیا
کیپشن: یواےای کی وزارت خارجہ نےبلومبرگ کی رپورٹ کو مسترد کردیا

ویب ڈیسک: متحدہ عرب امارات کی وزارتِ خارجہ نے عالمی خبر رساں ادارے بلومبرگ کی جانب سے شائع ہونے والی رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے اسے " غلط اور گمراہ کن" قرار دیا ہے۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق وزارتِ خارجہ کا کہنا ہے کہ رپورٹ میں کیے گئے دعوے ملک کی اعلیٰ سطح کی تیاری، جدید ٹیکنالوجی اور آپریشنل صلاحیتوں کی درست عکاسی نہیں کرتے۔ بیان میں کہا گیا کہ معلومات شائع کرنے سے قبل مستند اور سرکاری ذرائع سے تصدیق کرنا ذمہ دار صحافت کا تقاضا ہے۔

وزارت کے مطابق متحدہ عرب امارات کے پاس مربوط اور کثیر سطحی دفاعی نظام موجود ہے جو فضائی خطرات کے خلاف مؤثر تحفظ فراہم کرتا ہے۔ ان میں طویل، درمیانے اور قلیل فاصلے تک مار کرنے والے دفاعی نظام شامل ہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ ملک کے پاس اسلحے کا مضبوط اسٹریٹجک ذخیرہ بھی موجود ہے، جو طویل عرصے تک دفاعی کارروائی اور بروقت ردعمل کی صلاحیت برقرار رکھنے میں مدد دیتا ہے۔ قومی سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے مکمل آپریشنل تیاری ہر وقت یقینی بنائی جاتی ہے۔

وزارتِ خارجہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک کی دفاعی استعداد، ادارہ جاتی تیاری اور مربوط قومی سلامتی کا نظام مضبوط اور غیر متزلزل ہے، جبکہ شہریوں، رہائشیوں اور سیاحوں کی حفاظت ہر صورت اولین ترجیح رہے گی۔

Watch Live Public News