(ویب ڈیسک ) معروف ٹیکنالوجی کمپنی ’ ایپل‘ کی جانب سے سستا ترین آئی فون ’17 ای‘ متعارف کرادیا گیا ہے۔
آئی فون ’17 ای‘ کی قیمت 599 ڈالر (تقریباً ایک لاکھ 68 ہزار پاکستانی روپے) سے شروع ہوتی ہے۔ یہ قیمت اصل آئی فون 17 کے مقابلے میں 200 ڈالر کم ہے۔
آئی فون ’17 ای‘ میں مہنگے ماڈل والا ہی طاقتور پروسیسر استعمال کیا گیا تاہم اس کی اسکرین تھوڑی چھوٹی رکھی گئی ہے۔اس فون کے پیچھے 2 کے بجائے 1 کیمرہ ہے جبکہ اس میں ڈائنامک آئی لینڈ کا فیچر بھی موجود نہیں ہے۔
اس فون کو 11 مارچ سے فروخت کیلئے پیش کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ عام طور پر ایپل ہر سال سستے فون متعارف نہیں کرواتا لیکن گزشتہ سال آئی فون 16 ای کی کامیابی کے بعد کمپنی نے اس سلسلے کو جاری رکھنے کا فیصلہ کیا۔
ایپل کے سربراہ ٹم کک کا کہنا ہے کہ آئی فون کی مانگ میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے گزشتہ سال بڑی تعداد میں اینڈرائیڈ صارفین آئی فون پر منتقل ہوئے ۔
آئی فون 17 ای کا مقصد ان صارفین کو اپنی طرف متوجہ کرنا ہے جو پرانے ماڈل استعمال کر رہے ہیں تاکہ وہ بھی ایپل کے نئے اے آئی فیچرز سے فائدہ اٹھا سکیں۔
آئی فون 17 ای کالے، سفید اور گلابی رنگوں میں دستیاب ہوگا جس میں میموری بھی زیادہ دی گئی ہے اور اس کا انٹرنیٹ موڈیم پچھلے ماڈل کے مقابلے میں دو گنا زیادہ تیز ہے۔
اس کے ساتھ ہی ایپل نے نئے آئی پیڈ ایئر کا بھی اعلان کیا ہے۔