عمران خان کا ماہِ رواں کے آخر میں ”غلامی نامنظور“ مارچ کرنے کا اعلان

عمران خان کا ماہِ رواں کے آخر میں ”غلامی نامنظور“ مارچ کرنے کا اعلان
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ رواں مہینے کے آخر میں ”غلامی نامنظور مارچ“ ہو گا جس کی تاریخ کا اعلان جلد کروں گا، آپ اس تاریخی جدوجہد میں شرکت کیلئے خود کو عملی طور پر تیار کریں۔ عیدالفطر کے موقع پر چئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کا خصوصی پیغام جاری، کہا قوم کو ماہِ صیام کی تکمیل اور عیدِ سعید کی مبارکباد پیش کرتا ہوں، اور دعا گو ہوں کہ رب العزت آپ کے قیام و صیام کو شرفِ قبولیت عطا فرمائیں. عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ حصولِ تقویٰ کیلئے اہلِ ایمان کی محنت بار آور ثابت ہو، ربِّ کائنات کی پیدا کردہ نعمتوں میں سے فکر و عمل کی آزادی سب سے بڑی نعمت ہے، آزادی کی حقیقی قدر و منزلت کا ادراک ان اقوام کو ہوتا ہے جنہیں غلامی جیسی ذلت کا سامنا رہتا ہے، 1947 میں رمضان کی ستائیسویں بابرکت شب غلام ہندوستان میں غلامی کی زنجیروں میں جکڑی قوم کو آزادی جیسی نعمت میسر ہوئی، تاریخ گواہ ہے کہ ہمارے آباؤ اجداد پر براہِ راست حاکم سامراج آزادی کے بعد بھی ہم پر غلامی کے سائے رکھنے پر بضد رہے، مجھے سامراج کی ان سازشوں کو عملاً دیکھنے کا موقع ملا. ان کا کہنا تھا کہ 7 مارچ کو امریکہ میں متعین پاکستانی سفیر کی جانب سے ہمارے دفترِ خارجہ کو ایک خفیہ مراسلہ موصول ہوا، بطور وزیراعظم اس خفیہ مراسلے کے مندرجات دیکھ کر مجھے شدید حیرت ہوئی، امریکی حکام نےتمام سفارتی آداب بھلا کر پوری ڈھٹائی و تکبر سے ایک آزاد و خودمختار ریاست پاکستان کی اندرونی سیاست میں کھلی مداخلت کی، امریکیوں نے تحریک عدمِ اعتماد کے ذریعے ”وزیراعظم“ کو ہٹانے کا حکم، نہ ہٹائے جانے کی صورت میں سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں، مراسلے پر وفاقی کابینہ، قومی سلامتی کمیٹی کی تصدیق اور ڈپٹی سپیکر کی واضح رولنگ کے باوجود نہایت تیزی سے حکومت کا تختہ الٹا گیا. انہوں نے کہا کہ منتخب جمہوری وزیراعظم کو ہٹا کر رسوائے زمانہ مجرموں کو 40 ارب کی منی لانڈرنگ میں ملوث ”کرائم منسٹر“ کی سربراہی میں اقتدار سونپ دیا گیا، اس ذِلّت آمیز سازش کا واحد مقصد پاکستان کو خودمختاری کی راہ سے روک کر غلامی کی ڈگر پر چلانا تھا، سازش کے ذریعے اس حکومت کو سزا دینا تھا جو ایک آزاد خارجہ پالیسی بنانے کی جسارت کررہی تھی، میرا ایمان ہے کہ ہم غلامی کا طوق گلے میں ڈال کر عروج و ترقی کی راہ پر کبھی گامزن نہیں ہوسکتے، پاکستان کا وقار مطلق آزادی و خودمختاری ہی سے وابستہ ہے، عہد ہے کہ جب تک مادرِ وطن کو سامراج کی مداخلتوں، شرارتوں اور سازشوں سے پاک کرکےحقیقی آزادی و خودمختاری نہیں دلوا لیتے چین سے نہیں بیٹھیں گے، اس مقصد کے حصول کیلئے ایک پرامن مگر بھرپور سیاسی تحریک کا آغاز کیا جا چکا ہے . ان کا کہنا تھا کہ ماہِ رواں کے آخر میں ”غلامی نامنظور“ کے عنوان تلے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی جانب پُرامن فیصلہ کن ”غلامی نامنظور مارچ“ ہوگا، میں جلد اس تاریخی مارچ کی تاریخ کا اعلان کروں گا، قائد کی آزاد قوم کے ایک فرد کے طور پر آپ بھی اس تاریخی جدوجہد میں شرکت کیلئے خود کو عملی طور پر تیار کریں، وقت آن پہنچا ہے کہ آپ آگے بڑھیں اور پاکستان کی حقیقی آزادی و خودمختاری کی تحریک میں ہمارے دست و بازو بنیں.
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔