ویب ڈیسک: دنیا کے سب سے طاقتور اور کمزور پاسپورٹس کی فہرست جاری کر دی گئی۔
عالمی ادارے Henley Passport Index کی تازہ درجہ بندی کے مطابق دنیا کا سب سے طاقتور پاسپورٹ سنگاپور کا ہے، جس سے شہری 192 ممالک میں بغیر ویزا سفر کر سکتے ہیں۔
دوسرے نمبر پر جاپان، جنوبی کوریا اور متحدہ عرب امارات ہیں، جن کے شہری 187 ممالک تک ویزا فری رسائی رکھتے ہیں، جبکہ ناروے اور سوئٹزرلینڈ 185 ممالک کے ساتھ نمایاں ہیں۔ یورپی ممالک مجموعی طور پر پاسپورٹ طاقت میں سرفہرست ہیں، اور یورپی یونین کا اوسط 183 ممالک تک ویزا فری رسائی ہے، جو ملائیشیا اور برطانیہ کے برابر ہے۔
کمزور ترین پاسپورٹس میں افغانستان پہلے نمبر پر ہے جہاں شہری صرف 23 ممالک میں بغیر ویزا جا سکتے ہیں۔ شام، عراق اور پاکستان بالترتیب دوسرے، تیسرے اور چوتھے نمبر پر ہیں، اور پاکستانی پاسپورٹ کے حامل افراد 31 ممالک میں ویزا فری سفر کر سکتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق کمزور پاسپورٹس کے پیچھے سیاسی عدم استحکام، تنازعات اور ہجرت کے بڑھتے رجحانات جیسے عوامل اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق پاسپورٹ کی طاقت کسی ملک کی سفارتی حیثیت، معاشی استحکام اور عالمی تعلقات کی عکاسی کرتی ہے، اور مضبوط پاسپورٹ رکھنے والے شہریوں کو عالمی سطح پر زیادہ سفری آزادی حاصل ہوتی ہے۔