ویب ڈیسک: انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد میں کالعدم مذہبی جماعت کے گرفتار کارکنان کی شناخت پریڈ کے معاملے میں نئی پیشرفت سامنے آگئی۔ شناخت پریڈ نہ ہونے پر عدالت نے پولیس پر سخت اظہار برہمی کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے کیس کی سماعت کی۔ پولیس کی جانب سے شناخت پریڈ میں التوا کی درخواست دائر کردی گئی۔ پراسیکیوٹر راجہ نوید عدالت میں پیش ہوئے۔
عدالت نے متعلقہ ایس ایس پی اور ڈی آئی جی کو طلب کر لیا۔ جس پر ایس ایس پی انوسٹیگیشن عثمان طارق عدالت میں پیش ہوئے۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ یہ لوگ کوئی بھیڑ بکریاں نہیں ہیں پولیس شناخت پریڈ کیوں نہیں کر رہی؟ ان کے خاندان والے کئی دن سے پریشانی کا شکار ہیں ان کا کیا قصور ہے؟ آپ لوگ جو کر رہے ہیں یہ کوئی طریقہ کار نہیں ہے۔
جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ دو سے تین دن تک اگر شناخت پریڈ مکمل نہ ہوئی تو میں کیس فارغ کر دوں گا۔
جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے ایس ایس پی انویسٹیگیشن سے مکالمہ کرتے ہوئے پوچھا آپ بتائیں کہ کیا آپ پہ آئی جی کا پریشر ہے؟
عدالت نے کیس کی سماعت ملتوی کر دی۔