ویب ڈیسک: انسداد دہشت گردی کی عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان کے ساتویں مرتبہ وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔
راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے تھانہ صادق آباد میں درج مقدمے کی سماعت کی، جس میں علیمہ خان پیش نہیں ہوئیں، جس پر عدالت نے ساتویں مرتبہ ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔
سماعت کے دوران 30 سے زائد بینکوں نے علیمہ خان کے اکاؤنٹس منجمد کرنے کی رپورٹ عدالت میں جمع کرائی۔ اس کے علاوہ پانچ بینکوں نے علیمہ خان اور نمل یونیورسٹی کے ٹرسٹی اکاؤنٹس منجمد نہ کرنے کی رپورٹ جمع کرائی جس پر عدالت نے پانچ بینکوں کو شوکاز نوٹس جاری کردیا۔ عدالت نے بینکوں کو ٹرسٹیز کے اکاؤنٹس منجمد کرنے کا بھی حکم دیا۔
سماعت کے دوران عدالت میں سات ملزمان اور تین وکلا موجود تھے۔ بعد ازاں عدالت نے کیس کی مزید سماعت 6 نومبر تک ملتوی کر دی۔