حادثے میں ایک بیٹے کی موت کے بعد دوسرا بھی ایکسیڈنٹ میں جاں بحق

 حادثے میں ایک بیٹے کی موت کے بعد دوسرا بھی ایکسیڈنٹ میں جاں بحق

ویب ڈیسک:متحدہ عرب امارات میں مقیم ایک مصری خاندان پر پھر سے قیامت ٹوٹ پڑی۔ گیارہ سال قبل بڑے بیٹے کو حادثے میں کھونے کے بعد اب ان کا دوسرا بیٹا بھی ایک کار حادثے میں جاں بحق ہو گیا۔

خاندانی ذرائع کے مطابق، عمرو ہشام ہفتے کی صبح دبئی میں اپنی گاڑی چلا رہے تھے جب ان کی گاڑی ارجان راؤنڈ اباؤٹ کے قریب ایک پول سے ٹکرا گئی، تصادم اتنا شدید تھا کہ پول گاڑی کے اندر گھس گیا، حادثے میں عمرو کی حالت تشویش ناک ہوگئی فوری طور پر ہسپتال پہنچایا گیا، لیکن وہ جانبر نہ ہو سکا۔

مقامی میڈیا کے مطابق عمرو دبئی کی ایک فلاحی تنظیم میں کام کرتا تھا اور 2018 میں یونیورسٹی آف شارجہ سے گریجویشن مکمل کی تھی۔ ان کے والد ڈاکٹر ہشام عبدالحلیم یونیورسٹی آف شارجہ میں طلبہ کی سرگرمیوں کے سربراہ اور اسکاؤٹس ٹرائب کے نگران ہیں۔

خاندان کے ایک رکن نے بتایا کہ اس صدمے کے بعد عمرو کے والدین، ڈاکٹر ہشام اور ان کی اہلیہ یاسمین ہشام کی طبیعت بگڑ گئی، جنہیں ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
رشتہ دار کے مطابق، "والد آئی سی یو میں ہیں جبکہ والدہ بھی اسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔"

عمرو کے قریبی دوست نے بتایا کہ جمعہ کی رات وہ ایک کنسرٹ میں شریک ہوئے تھے اور دوست کے گھر رکنے کے بعد صبح واپس جا رہے تھے جب حادثہ پیش آیا۔
واضح رہے کہ 2014 میں عمرو کے چھوٹے بھائی، 14 سالہ کریم ہشام کی بھی ایک کار حادثے میں موت ہو گئی تھی، گیارہ سال بعد ایک اور بیٹے کے یوں اچانک چلے جانے سے پورا خاندان شدید صدمے اور غم میں مبتلا ہے۔

Watch Live Public News