(ویب ڈیسک)اگر آپ واٹس ایپ استعمال کرتے ہیں تو آپ کیلئے ایک اچھی خبر ہے، کئی سالوں کے انتظار کے بعد آخرکار واٹس ایپ نے اپنی آفیشل ایپل واچ ایپ لانچ کردی ہے۔
فی الحال یہ ایپ ایپل کے TestFlight پروگرام کے ذریعے بیٹا ورژن میں دستیاب ہے۔ یہ قدم واٹس ایپ کی کامیاب Wear OS ایپ کے بعد اٹھایا گیا ہے، تاکہ صارفین کو اپنی کلائی سے ہی گفتگوؤں کو آسانی سے سنبھالنے کا موقع ملے۔
بیٹا ورژن 25.32.10.71 واٹس ایپ اور ایپل واچ کے درمیان مکمل انضمام کی جانب پہلا قدم ہے۔ اب تک، ایپل واچ صارفین صرف نئے میسجز کے نوٹیفکیشن وصول کر سکتے تھے، مگر اب وہ ایک مخصوص ایپ کے ذریعے ان پیغامات کے ساتھ براہِ راست رابطہ کر سکیں گے۔
ایپل واچ کے اس نئے ورژن میں صارفین چیٹس پڑھ سکتے ہیں، ٹیکسٹ اور وائس میسجز بھیج سکتے ہیں، تصاویر دیکھ سکتے ہیں، ایموجیز کے ساتھ ری ایکشن دے سکتے ہیں، اور آنے والی کالز کو بھی سن سکتے ہیں ۔
یہ ایپ بنیادی طور پر آئی فون ایپ کا ایک توسیعی ورژن ہے، جو تیز اور فوری استعمال کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔
البتہ یہ ایپ خود مختار (Standalone) نہیں ہے۔ اسے چلانے کے لیے جس آئی فون میں واٹس ایپ انسٹال ہے اس سے جوڑنا(Pairing) ضروری ہے۔ ایپل واچ ایپ آئی فون کے ساتھ منسلک رہ کر ہی کام کرتی ہے اور اسی کے ڈیٹا کو ظاہر کرتی ہے۔

ایپ کے انٹرفیس میں ایک کنکشن انڈیکیٹر بھی شامل کیا گیا ہے جو یہ ظاہر کرتا ہے کہ واچ اور فون کے درمیان رابطہ فعال ہے یا منقطع۔ اس طرح صارفین آسانی سے اپنی ایپ کی ہم آہنگی کی حالت دیکھ سکتے ہیں۔
جو لوگ اس ایپ کو آزمانا چاہتے ہیں، وہ اسے TestFlight کے ذریعے ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں۔ استعمال کے لیے آپ کی ایپل واچ پر watchOS 10.0 یا اس سے نیا ورژن ہونا ضروری ہے۔
