ویب ڈیسک: لینوو نے چین میں اپنی نئی AI Glasses V1 اسمارٹ عینک متعارف کرا دی ہے، جس کی فروخت 9 نومبر سے شروع ہوگی۔ جدید فیچرز سے لیس یہ اسمارٹ ویئر ایبل ڈیوائس تقریباً 562 امریکی ڈالر (تقریباً پاکستانی 1.5 لاکھ روپے) کی قیمت پر دستیاب ہوگی۔
لینوو کی یہ عینک صرف 38 گرام وزن رکھتی ہے، جسے طویل استعمال کے دوران بھی آرام دہ بنایا گیا ہے۔ اس میں رزن ڈفریکشن لائٹ ویو گائیڈ ڈسپلے استعمال کیا گیا ہے جو 2,000 نِٹس تک کی چمک فراہم کرتا ہے۔
لینز کی موٹائی صرف 1.8 ملی میٹر ہے جبکہ 15×11 ملی میٹر آئی باکس رینج صارف کو ہلکی حرکت کے باوجود صاف تصویر دکھاتی ہے۔ فریم ایسا ڈیزائن کیا گیا ہے جو ناک اور کانوں پر دباؤ کم کرتا ہے۔
مصنوعی ذہانت سے چلنے والی خصوصیات
یہ عینک لینوو کے Tianxi AI اسسٹنٹ سے چلتی ہے، جو وائس کمانڈز، ریئل ٹائم ترجمہ اور سرچ جیسی سہولتیں فراہم کرتا ہے۔
ترجمے کی خصوصیت آواز اور متن کو دو زبانوں میں براہِ راست صارف کی آنکھوں کے سامنے دکھاتی ہے ۔
اس کے علاوہ، اس میں ٹیلی پرامپٹر فنکشن بھی شامل ہے جو پریزنٹرز اور کانٹینٹ کریئیٹرز کے لیے مددگار ہے۔
اگر اسے لینوو کی اسمارٹ رنگ ایکسیسری سے جوڑ دیا جائے تو صارف سلائیڈز یا اسکرپٹس کو ہاتھ استعمال کیے بغیر کنٹرول کر سکتا ہے۔
عینک کے بازوؤں میں ٹچ کنٹرولز دیے گئے ہیں، جن کے ذریعے صارف کالز، میسجز اور آن اسکرین معلومات کو اسمارٹ فون کے بغیر ہی کنٹرول کر سکتا ہے۔
اس کے ساتھ ایک AI نیویگیشن سسٹم بھی موجود ہے جو بصری اور آڈیو رہنمائی فراہم کرتا ہے (فی الحال صرف اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے لیے دستیاب)۔
یہ عینک فاسٹ چارجنگ سپورٹ کرتی ہے اور 40 منٹ میں مکمل چارج ہو جاتی ہے، اسٹینڈ بائی ٹائم 250 گھنٹے تک بتایا گیا ہے جبکہ Bluetooth 5.4 وائرلیس کنیکٹیوٹی کے لیے استعمال ہوتا ہے۔