ویب ڈیسک: پاکستان کے مختلف شہروں میں جمعے کی علی الصبح موسلا دھار بارش اور ژالہ باری نے موسم کو خوشگوار بنا دیا۔ اسلام آباد اور راولپنڈی میں بادلوں نے صبح سویرے کھل کر برسنے کے ساتھ تیز ہواؤں کا بھی ساتھ دیا، جس کے باعث درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی۔ جڑواں شہروں کے متعدد علاقوں میں موسلا دھار بارش کے ساتھ اولے بھی پڑے جنہوں نے شہریوں کو حیران کر دیا۔
اسلام آباد اور راولپنڈی کے علاوہ خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع، خصوصاً باجوڑ، مالاکنڈ اور سوات میں رات گئے گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کا سلسلہ جاری رہا۔ شدید بارشوں کے نتیجے میں نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے سے معمولاتِ زندگی متاثر ہوئے جبکہ کئی مقامات پر ٹریفک بھی سست روی کا شکار رہی۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ پنجاب کے کئی اضلاع میں بارش کا امکان ہے۔ ان میں مری، گلیات، جہلم، گوجرانوالہ اور لاہور شامل ہیں۔ ماہرینِ موسمیات کے مطابق لاہور اور گردونواح میں شام اور رات کے اوقات میں بادل برسنے کے امکانات زیادہ ہیں۔
اسی طرح خیبرپختونخوا کے دیگر اضلاع دیر، چترال، پشاور اور مردان میں بھی بارش کا سلسلہ جاری رہنے کی توقع ہے۔ وادیٔ کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے، جس سے بالائی علاقوں میں درجہ حرارت مزید کم ہو سکتا ہے۔
سندھ کے شہریوں کو بھی بارش کے امکانات کے باعث موسم کی خوشگوار تبدیلی کا سامنا ہوسکتا ہے۔ کراچی، حیدرآباد اور میرپورخاص میں چند مقامات پر بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سمندری ہوائیں نسبتاً تیز ہونے کے باعث سندھ کے ساحلی اضلاع میں بادل چھائے رہیں گے۔
محکمہ موسمیات نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہیں۔