بحیرہ عرب میں طاقتور سمندری طوفان تشکیل پانے لگا،کراچی کو بھی خطرہ!

بحیرہ عرب میں طاقتور سمندری طوفان تشکیل پانے لگا،کراچی کو بھی خطرہ!
کیپشن: بحیرہ عرب میں طاقتور سمندری طوفان تشکیل پانے لگا،کراچی کو بھی خطرہ!

ویب ڈیسک: محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ بحیرہ عرب میں موجود موسمی سسٹم شدت اختیار کرتا جارہا ہے اور آئندہ چند گھنٹوں میں یہ مزید طاقتور ہو کر طوفان میں تبدیل ہوسکتا ہے۔

حکام کے مطابق شمال مشرقی بحیرہ عرب میں موجود یہ سسٹم پہلے ڈپریشن کی صورت میں تھا جو اب بڑھ کر ڈیپ ڈپریشن میں بدل گیا ہے اور توقع ہے کہ اگلے 12 گھنٹوں میں یہ طوفان کی شکل اختیار کر لے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اگر یہ سسٹم طوفان میں تبدیل ہوا تو اسے ’شکتی‘ کا نام دیا جائے گا۔ یہ نام سری لنکا کی جانب سے تجویز کیا گیا ہے جس کا مطلب ’طاقت‘ ہے۔ محکمہ موسمیات کا یہ بھی کہنا ہے کہ امکان ہے کہ یہ طوفان شدت اختیار کرتے ہوئے مزید طاقتور سمندری طوفان میں بدل جائے اور اس کے اثرات کراچی سمیت سندھ کے مختلف علاقوں پر بھی پڑ سکتے ہیں۔

ابتدائی تخمینے کے مطابق یہ سسٹم اس وقت کراچی سے تقریباً 400 کلومیٹر جنوب میں موجود ہے۔ اس کے زیر اثر بحیرہ عرب میں طغیانی کی کیفیت پیدا ہوگئی ہے اور سمندری لہروں کی بلندی میں نمایاں اضافہ دیکھا جارہا ہے۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ یہ طوفانی نظام 5 یا 6 اکتوبر تک بحیرہ عرب میں موجود رہ سکتا ہے، جس کے باعث ساحلی پٹی پر بارش اور تیز ہواؤں کا امکان ہے۔

اس صورتحال کے پیش نظر محکمہ موسمیات نے سندھ کے ماہی گیروں کو 3 اکتوبر تک سمندر میں نہ جانے کی ہدایت جاری کی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ حادثے سے بچا جا سکے۔ حکام کے مطابق طوفان کی حتمی سمت اور شدت آئندہ 24 گھنٹوں میں مزید واضح ہوگی، تاہم احتیاطی تدابیر اپنانا ناگزیر ہیں۔

شہری حلقوں میں اس خبر کے بعد تشویش پائی جا رہی ہے جبکہ کراچی اور دیگر ساحلی علاقوں کے رہائشی ممکنہ بارش اور تیز ہواؤں کے باعث الرٹ ہو گئے ہیں۔ ماہرین نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر سمندر یا ساحلی مقامات کا رخ نہ کریں اور انتظامیہ کی جانب سے جاری ہونے والی ہدایات پر عمل کریں۔

Watch Live Public News