ویب ڈیسک: بالی ووڈ کی مشہور اداکارہ کاجول کو ایک مذہبی اور روایتی تقریب کے دوران ہراساں کیے جانے اور نامناسب طریقے سے چھونے کی ویڈیو وائرل ہوئی ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں کاجول کو اپنی بیٹی کے ساتھ تقریب میں شریک ہوتے دیکھا گیا جب کہ دیگر معروف خواتین بھی تقریب میں شریک ہوئیں۔ روایتی تقریب سندور کھیلا ہندو بنگالی کلچر کی ایک خاص رسم ہے، جس میں شادی شدہ خواتین شرکت کرتی ہیں اور ایک دوسرے پر سرسوں کا تل لگاتی ہیں۔
اسی تقریب کی سامنے آنے والی ویڈیوز میں کاجول کے ساتھ نامناسب حرکات کی ویڈیوز بھی وائرل ہوئیں جب کہ ایک ویڈیو میں ان کی بیٹی کو بھی اپنا لباس ٹھیک کرتے ہوئے دیکھا گیا۔
اسی تقریب کی وائرل ہونے والی کئی مختصر ویڈیوز میں صارفین نے اداکاہ کے ساتھ ایک شخص کے مبینہ نامناسب رویے پر بھی غصے کا اظہار کیا۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی مختصر ویڈیوز میں مندر میں موجود شخص کو کاجول کو نامناسب طریقے سے چھوتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اس شخص نے اداکارہ کاجول کو سیڑھیاں اترنے یا واپس اوپر جانے سے روکنے کی کوشش کی اور ساتھ ہی اس شخص نے اداکارہ کے بازو سے پکڑنے کی کوشش کی۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اس شخص نے اداکارہ کو نہ صرف بازو سے پکڑنے کی کوشش کی بلکہ مبینہ طور پر ان کی چھاتی کو بھی نامناسب طریقے سے چھوا جس پر کاجول بھی غصے میں آگئیں اور ویڈیو میں اداکارہ کو غصے کی حالت میں دیکھا جا سکتا ہے۔ ایک مذہبی اور روایتی تقریب کے دوران ایک شخص کی جانب سے اداکارہ کو ہراساں کیے جانے اور نامناسب طریقے سے چھونے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد صارفین نے غصے کا اظہار کرتے ہوئے اس شخص کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔