9مئی مقدمات،عالیہ حمزہ اور صنم جاوید کے وارنٹ گرفتاری منسوخ

9مئی مقدمات،عالیہ حمزہ اور صنم جاوید کے وارنٹ گرفتاری منسوخ
کیپشن: 9مئی مقدمات،عالیہ حمزہ اور صنم جاوید کے وارنٹ گرفتاری منسوخ

ویب ڈیسک: انسداد دہشتگردی عدالت نے 9مئی مقدمات میں عالیہ حمزہ اور صنم جاوید کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کردیئے ،شاہ محمود قریشی نے جج خالد ارشد سے کہاکہ ہمیں گلہ ہے کہ آپ نے ہماری ضمانتوں پر فیصلہ نہیں کیا۔

 تفصیلات کے مطابق انسداددہشتگردی عدالت میں 9مئی تھانہ شادمان اور مغلپورہ میں جلاؤ گھیراؤ کیسز کی سماعت ہوئی،شاہ محمود قریشی، عمر چیمہ، یاسمین راشد، عالیہ حمزہ عدالت پیش ہوئے۔

جج خالدارشد نے ریمارکس دیئے کہ آج میں عدالت میں بطور جج نہیں بیٹھا ہوا،آج میں نے کیس صرف اگلی تاریخ کیلئے ملتوی کرنا ہے۔اب میں نے میرٹ پر کوئی آرڈر نہیں کرنا،شاید کل اپناچارج چھوڑدوں۔

شاہ محمود نے جج خالد ارشدسے مکالمہ کرتے ہوئے کہاکہ ہمیں گلہ ہے کہ آپ نے ہماری ضمانتوں پر فیصلہ نہیں کیا، اب آپ نئی ڈیوٹی پر جارہے ہیں، آپ کیلئے نیک خواہشات ہیں،ضمانت تو ہمارا حق ہے، ہم نے کونسا ملک سے بھاگ جانا ہے۔

جج نے ریمارکس دیئے کہ جو آزادی کسی کے گلے پڑے قانوناً اس کی اجازت نہیں ہو سکتی۔

ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہاکہ جج صاحب آپ میری بات سنیں۔

جج خالد ارشد نے شاہ محمود سے مکالمہ کرتے ہوئے کہاکہ میں نے آپ کی دھواں دار تقریریں سنی ہیں،جج نے ڈاکٹر یاسمین راشد کو ہدایت کی کہ آج آپ نہ بولیں،نئے جج آئیں گے تو ان کے سامنے دل کھول کر باتیں کیجیے گا۔

 عمرسرفراز چیمہ نے کہاہم سوا سال سے جیل میں ہیں، اب تک 4 جج بدل چکے ہیں۔ایک طرف کہتے ہیں 9 مئی کیسز کے کیپٹل ہل جیسے فیصلے ہونے چاہئے،دوسری طرف کیسز کا فیصلہ ہی نہیں کررہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہاکہ ہماری درخواست ہے کہ آپ اپنے ترازو میں انصاف کو تولیے۔

جج خالد ارشد نے ریمارکس دیئے کہ میں اس کیس کو 9تاریخ تک ملتوی کررہا ہوں۔

شاہ محمود نے کہاکہ کیس کو 9ستمبر میں رکھیے گا، نائن الیون میں مت ڈالیے گا۔

عدالت نے شادمان جلاؤ گھیراؤ میں عالیہ حمزہ اور صنم جاوید کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کر دیئے اور سماعت بغیرکارروائی کے 9ستمبر تک ملتوی کردی۔

Watch Live Public News