(ویب ڈیسک ) آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں علاقائی سلامتی کی بدلتی صورتحال اور موجودہ دفاعی تعاون میں پیشرفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق ترک فضائیہ کے کمانڈر جنرل ضیا کمال کادیوگلو کی سربراہی میں وفد نے سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔ترک وفد کی ائیر ہیڈ کوارٹرز آمد پر پُرتپاک استقبال کیا گیا۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ ملاقات میں علاقائی سلامتی کی بدلتی صورتحال اور موجودہ دفاعی تعاون میں پیشرفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس کے علاوہ دورِ جدید کی جنگ اورجدید عسکری شعبوں میں مشترکہ تعاون سے متعلق بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ائیر چیف نے ترک کیڈٹس کے پہلے بیچ کی تربیت کے لیے پی اے ایف اکیڈمی اصغر خان آمد کو اہم سنگ میل قرار دیا۔
ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر کا کہنا ہے کہ ترک کیڈٹس کی پاکستان میں تربیت کا سنگ میل موجودہ دفاعی شراکت داری میں نئے باب کا اضافہ ہے، مشترکہ تربیت باہمی اعتماد کے فروغ اور ایئر واریئرز کی جدید تربیت کے مشترکہ وژن کا غماز ہے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ دونوں سربراہان نے مشترکہ تربیت، فضائی مشقوں اور ملٹی ڈومین آپریشنز سمیت متعدد شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل ضیاء کمال کادیوگلو نے بھارت کے ساتھ حالیہ جنگ کے دوران ایئر چیف کی متحرک اور دوراندیش قیادت میں پاک فضائیہ کی شاندار آپریشنل کارکردگی کو سراہا۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ ترک ائیر چیف نے آپریشنل تیاریوں و قومی خودمختاری کے دفاع کے پاک فضائیہ کے عزم کی تعریف کی۔ ترک کمانڈر نے ملٹی ڈومین وارفیئر سے متعلق جامع تربیت کے حصول اور پاک فضائیہ کی آپریشنل حکمت عملیوں سے استفادہ کرنے کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔