مومنہ اقبال ہراسگی کیس: لیگی ایم پی اے ثاقب چڈھر اور اہلیہ بے قصور قرار

مومنہ اقبال ہراسگی کیس: لیگی ایم پی اے ثاقب چڈھر اور اہلیہ بے قصور قرار
کیپشن: مومنہ اقبال ہراسگی کیس: لیگی ایم پی اے ثاقب چڈھر اور اہلیہ بے قصور قرار

ویب ڈیسک: اداکارہ مومنہ اقبال کو ہراساں کرنے اور جان سے مارنے کی دھمکیوں کے مقدمے میں مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی ثاقب چڈھر اور ان کی اہلیہ سمیرا کو تفتیشی رپورٹ میں فی الحال بے قصور قرار دے دیا گیا۔

سیشن عدالت لاہور میں سماعت کے دوران این سی سی آئی اے کے تفتیشی افسر نے رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ دونوں کی گرفتاری درکار نہیں۔

تفتیشی افسر کے مطابق مقدمے کی تفتیش تبدیل کرکے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی گئی تھی، جس نے ازسرنو تحقیقات کے بعد رپورٹ مرتب کی۔

رپورٹ پیش ہونے کے بعد ثاقب چڈھر نے اپنی عبوری ضمانت واپس لے لی، جس پر عدالت نے ان کی اور اہلیہ سمیرا کی درخواست ضمانت نمٹا دی۔

دورانِ سماعت مومنہ اقبال اپنے وکیل کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئیں۔ ان کے وکیل نے تفتیشی رپورٹ پر اعتراض کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ مدعیہ کو اعتماد میں لیے بغیر تفتیش تبدیل کی گئی اور مکمل تحقیقات کے بغیر ملزمان کو کلیئر کیا گیا۔

وکیل نے عدالت سے تفتیش کے عمل اور ملزمان کو بے قصور قرار دینے کے معاملے کا جائزہ لینے کی استدعا کی۔

واضح رہے کہ مومنہ اقبال کی مدعیت میں ثاقب چڈھر کے خلاف ہراساں کرنے اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے کے الزامات کے تحت مقدمہ درج ہے۔

Watch Live Public News