ویب ڈیسک: لائیو عید اسپیشل شو میں معروف میزبان ندا یاسر نے اداکارہ انمول بلوچ کی ممکنہ شادی کا ذکر کرکے مداحوں میں تجسس کی لہر دوڑا دی تھی جبکہ انمول بلوچ نےشادی سے متعلق افواہوں پر خاموشی توڑ دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق انمول بلوچ نےشادی سے متعلق افواہوں پر خاموشی توڑتے ہوئے اپنی انسٹاگرام پر ایک اسٹوری شیئر کی، جس میں انہوں نے وضاحت دیتے ہوئے کہا میری ابھی شادی نہیں ہوئی، اور جب صحیح وقت آئے گا، میں خود اپنے مداحوں اور انڈسٹری کے لوگوں کے ساتھ یہ خبر شیئر کروں گی۔
انہوں نے مزید کہا یہ تمام افواہیں جھوٹی ہیں اور براہ کرم آن لائن دیکھی جانے والی باتوں پر یقین نہ کریں۔ میں آپ سب کی محبت اور حمایت کی واقعی قدر کرتی ہوں۔ انمول بلوچ نے اس وضاحت کے ساتھ اپنی شادی سے متعلق تمام قیاس آرائیوں کو مسترد کر دیا ہے اور کہا کہ وہ اپنے مداحوں کو شادی کی خبر خود دیں گی۔

واضح رہے کہ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب شو میں معروف جوڑی سارہ خان اور ان کے شوہر فلک شبیر بطور خصوصی مہمان شریک تھے۔
شو کے دوران جب حالیہ شادی شدہ جوڑوں کا تذکرہ کیا جا رہا تھا تو فلک شبیر نے کبریٰ خان، گوہر رشید، ماورہ حسین اور عامر گیلانی سمیت کئی شخصیات کو مبارکباد دی۔
ندا یاسر نے غیر متوقع طور پر انمول بلوچ کا نام بھی اس فہرست میں شامل کر دیا جس سے اشارہ ملا کہ اداکارہ نے حال ہی میں شادی کر لی ہے۔ اس پر فلک شبیر نے بھی انمول کو مبارکباد دی جس سے مداحوں میں چہ مگوئیاں مزید بڑھ گئیں۔
یہ پہلا موقع نہیں کہ انمول بلوچ کی شادی سے متعلق افواہیں گردش کر رہی ہیں۔ اس سے قبل بھی قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں کہ اداکارہ جلد شادی کے بندھن میں بندھ سکتی ہیں اور بعض ذرائع کا دعویٰ ہے کہ انمول کی شادی کی تقریبات عید الفطر کے بعد شروع ہو سکتی ہیں۔
اس معاملے کو مزید دلچسپ بنانے والا ایک اور پہلو یہ ہے کہ انمول بلوچ کا نام معروف بزنس مین عمیر بیگ کے ساتھ بھی جوڑا جا رہا ہے جن کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ اداکارہ ایمن سلیم سے بھی تعلق رکھتے ہیں۔
کچھ اطلاعات کے مطابق عمیر بیگ پہلے ہی شادی شدہ ہیں جبکہ کچھ افراد اسلامی نقطۂ نظر سے ایک سے زیادہ شادیوں کے امکان پر بھی بات کر رہے ہیں۔